Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / انڈونیشیاء میں ہولناک زلزلہ، 97 ہلاک، متعدد گھر زمین دوز

انڈونیشیاء میں ہولناک زلزلہ، 97 ہلاک، متعدد گھر زمین دوز

جزیرہ سماترا دہل گیا، مہلوکین میں اضافہ کا اندیشہ، ہندوستان کی جانب سے امداد کی پیشکش

میوریوڈو ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی  انڈونیشیاء میں آج ایک انتہائی طاقتور زلزلہ ہوا، جس کے نتیجہ میں تاحال کم سے کم 97 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کھنڈر میں تبدیل شدہ عمارتوں کے ملبہ سے مزید نعشیں نکالی جارہی ہیں۔ صوبہ آچئے کے پیڈی جیا ضلع میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہ ہلاکت خیز زلزلہ ہوا ۔ جزیرہ سماترا کے مسلم اکثریتی علاقہ میں اس وقت اکثر افراد نماز فجر کی تیاری میں مصروف تھے۔ مہلوکین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبہ کی صفائی اور زندہ بچ جانے والے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ زلزلہ کے سبب سماترا کے کئی مقامات پر دوکانات، مکانات اور مساجد کھنڈرات میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں 52 افراد کی اطلاع دی گئی تھی۔ بعدازاں اس میں بتدریج اضافہ کے سبب تعداد پر نظرثانی کی گئی۔ آچئے کے فوجی سربراہ تاتانگ سلیمان نے کہا کہ ’’تاحال 97 افراد ہلاک ہوئے ہیں

اور مہلوکین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ نعشوں کی تلاش جاری ہے۔ بعض مرتبہ پانچ اور بعض مرتبہ 10 نعشیں برآمد ہورہی ہیں‘‘۔ سلیمان نے کہا کہ بدترین متاثرہ مقامات سے عوام کے انخلاء اور عارضی کیمپوں کے قیام میں مدد کیلئے 1000 سپاہیوں اور 900 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہیکہ سینکڑوں مکانات اور دوکانات زمین دوز ہوگئی ہیں اور بے شمار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ ہزاروں افراد کو غذا اور پانی جیسی بنیادی اشیاء کی سخت ضرورت ہے۔ مقامی ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ پوٹیہہ مناف نے کہاکہ ’’برقی سربراہی ہنوز مسدود ہے۔ کئی علاقے تاریکی میں غرق ہیں۔ چند مقامات پر جنریٹرس ہیں جو بہت کم ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بارش ہونے کی صورت میں وبائیںبھی پھوٹ پڑ سکتی ہیں۔ پیڈی جیا میں جہاں صرف ایک ہی ہاسپٹل ہے وہ زخمیوں سے بھر چکا ہے۔ کئی زخمیوں کو گھانس پر لٹادیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھرپور امداد کا پیشکش کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT