Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / انڈونیشیائی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

انڈونیشیائی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

جکارتہ، 18 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انڈونیشیا کے دور دراز کے علاقے پاپوا میں تربیتی مشق کے دوران فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ ایک پہاڑ سے ٹکرا کر گر کر تباہ ہو گیا جس سے اس میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہو گئے ۔ انڈونیشیا کی تلاش اور بچاؤ ایجنسی کے آپریشنل ڈائریکٹر آئیون احمد رسکی ٹائٹس نے بتایا کہ ہرکیولس سی 130 طیارہ نے مقامی وقت کے مطابق صبح 04:45 بجے (ہندستانی وقت کے مطابق صبح 6:15 بجے ) ٹمکا سے پرواز کی تھی اور اپنی منزل مقصود مقام ومینا پہنچنے سے پہلے ہی گر کر تباہ ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ لسوا پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ جائے حادثہ کی شناخت کر لی گئی ہے ۔ہلاک شدگان کی لاشوں کو ومینا لایا جائے گا۔اس حادثہ میں ہلاک 13 افراد میں 3 جہاز کے پائلٹ اور 10 فوجی اہلکار تھے ۔ اس طیارے سے کھانے پینے کی اشیاء منتقل کی جا رہی تھیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے چیف آف اسٹاف آگسٹ سپریانتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کاشکار بنا۔خبر رساں ادارے رائٹر سے بات کرتے ہوئے انڈونیشیا کے ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنل کے ڈائریکٹر آئیون احمد رسکی ٹائٹس نے کہا کہ ملبے اور لاشوں کو ومینا منتقل کیا جا رہا ہے ۔خیال رہے کہ انڈونیشیا میں اس سے پہلے بھی فضائی حادثات ہوتے رہے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ جون میں بھی انڈونیشیا کی فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس وجہ سے طیارے میں سوار تمام 116 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔رواں برس مارچ میں بھی انڈونیشیا کا ایک فوجی جہاز وسطی علاقے سولاویسی کے ضلع پوسو کے ایک گاؤں میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں سوار 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
انڈونیشیا میں فوجی جہاز تباہ ہونے کا ایک اور حادثہ رواں برس جولائی میں بھی ہوا تھا۔ نیشنل آرمی کا طیارہ صوبے جاوا کے مرکزی شہر یوگویاکرتا کے شمال کی طرف مضافات میں گر کر تباہ ہوا تھا جس وجہ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT