Thursday , August 24 2017
Home / دنیا / انڈونیشیائی کشتی کو حادثہ ‘10ہلاک‘ 5لاپتہ

انڈونیشیائی کشتی کو حادثہ ‘10ہلاک‘ 5لاپتہ

جکارتا۔21اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی انڈونیشیاء کے ساحل کے قریب متلاطم سمندر میں انڈونیشیاء کی ایک کشتی غرق ہوجانے سے کم از کم 10افراد ہلاک اور دیگر 5 لاپتہ ہوگئے ۔ بحریہ کے عہدیداروں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ایک چھوٹی کشتی جس میں 17مسافر سوار تھے بندرگاہ تان جنگ پینانگ جزائرریاؤو مشرقی صوبہ سُماٹرا سے روانہ ہوئی تھی ‘ جب کہ اُس کو ناسازگار موسم کا سامنا ہوا ۔ بحریہ کے ترجمان ایدھی سوسیکٹو نے کہا کہ 12افراد کا پتہ چلایا جاچکا ہے ۔ لیکن 10افراد پہلے ہی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ دو افراد شدید زخمی ہیں ۔ بحریہ کی ایک تیز رفتار کشتی اب بھی باقی پانچ لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے ۔ یہ کشتی چھوٹی تھی تاہم اس پر ایک موٹر بھی نصب کی گئی تھی ۔ یہ سفر ایک گھنٹہ طویل تھا ۔انڈونیشیائی مجمع الجزائرتقریباً 17ہزار سے زیادہ جزیروں پر مشتمل ہے جو حمل ونقل کیلئے کشتیوں پر انحصار کرتے ہیں ۔ مہلک حادثے یہاں پرعام ہے ۔ گذشتہ ڈسمبر میں 60سے زیادہ افراد زبردست تموج کی وجہ سے ایک بحری جہاز کے اُلٹ جانے کے نتیجہ میں صوبہ سلاویسی کے ساحل کے قریب غرق ہونے سے ہلاک ہوگئے تھے ۔ حالانکہ یہ جہاز بالکل درست راستے پر تھا ۔

TOPPOPULARRECENT