Tuesday , September 26 2017
Home / دنیا / انڈونیشیا کے تباہ شدہ طیارے سے نعشیں برآمد

انڈونیشیا کے تباہ شدہ طیارے سے نعشیں برآمد

جیاپورہ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی انڈونیشیاء میں گر کر تباہ شدہ طیارہ کے 54 مسافرین کی نعشوں کی تلاشی کے دوران چند نعشیں دستیاب ہوئی ہیں، لیکن دوردراز کے علاقہ میں خراب موسم کے سبب نعشوں کی منتقلی کا عمل متاثر ہوا ہے۔ صوبہ پاپوا کی پہاڑیوں اور گھنے جنگلات میں سینکڑوں مقامی افراد اور راحت رسانی ٹیموں کے کارکنوں نے تریگانا ایر کے تباہ شدہ طیارہ سے 17 نعشوں کو نکال لیا ہے۔ یہ طیارہ مختصر پرواز کے دوران موسمی خرابی کے سبب حادثہ میں تباہ ہوگیا تھا۔ چند نعشیں اوکیبل منتقل کی گئیں جہاں یہ مسافر اے ٹی آر 42-300 طیارہ کے ذریعہ پہنچنے والے تھے۔ دیگر چار نعشیں پاپوا کے صوبائی دارالحکومت جیاپورہ منتقل کی گئی ہیں۔ 13 نعشیں ہنوز ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ ہیں۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان جے اے براتا نے اے ایف پی سے کہا کہ رات کی تاریکی اور خراب موسم کے سبب نعشوں کی تلاشی روک دی گئی ہے جو کل صبح بحال ہوگی۔ حکام نے ابتداء سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ نعشوں کی منتقلی کی کوشش کی تھی لیکن خراب موسم کے سبب یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی حالات میں ہیلی کاپٹر کا استعمال ممکن نہیں ہے صرف سڑک راستہ سے نعشیں منتقل کی جاسکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT