Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / انڈونیشیا کے جزیرہ بالی میں چھوٹا راجن گرفتار

انڈونیشیا کے جزیرہ بالی میں چھوٹا راجن گرفتار

ہندوستان کی درخواست و آسٹریلیا کی اطلاع پر گرفتاری ‘ انڈونیشیاء پولیس کے ترجمان کا بیان
جکارتا۔26اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مفرور ملزم چھوٹا راجن جو ہندوستان میں قتل کی سلسلہ وار وارداتوں کیلئے مطلوب ہے ‘انڈونیشیاء میں برسوں تک فرار رہنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے آج کہا کہ آسٹریلیا کی پولیس کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انڈونیشیائی عہدیداروں نے راجندر سداشیو نکالجے عرف چھوٹا راجن کو کل گرفتار کرلیا ۔ جب کہ وہ اس مشہور تفریحی جزیرہ بالی میں سڈنی سے پہنچا تھا ۔ بالی پولیس کے ترجمان ہیری ویانٹو نے کہا کہ 55سالہ چھوٹا راجن مبینہ طور پر ہندوستان میں مجرموں کے ایک گروہ کا سرغنہ ہے جو 20سال سے زیادہ مدت سے فرار تھا ۔ ویانٹو نے کہا کہ انٹرپول نے اُسے 1995ء میں مطلوب مجرم قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیمبرا کی پولیس سے کل ( اتوارکو) اطلاع ملی کہ اس قاتل کیلئے ریڈ کارنر نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ ہم نے کل ایئرپورٹ پر اُسے گرفتار کرلیا ۔ ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ اس شخص پر 15تا 20قتل ہندوستان میں کرنے کا الزام ہے ۔بالی پولیس نے انٹرپول اور ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے یہ گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔ ویانٹو نے کہا کہ امکان ہے کہ چھوٹا راجن کو حکومت ہند کے حوالے کردیا جائے گا ۔ آسٹریلیائی وفاقی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ کینبرا میں انٹرپول نے انڈونیشیاء کے عہدیداروں کو چوکس کردیا تھا جنہوں نے چھوٹا راجن کو ہندوستانی عہدیداروں کی درخواست پر گرفتار کرلیا ۔ وفاقی پولیس نے گذشتہ ماہ توثیق کی تھی چھوٹا راجن آسٹریلیا میں اپنی شناخت تبدیل کر کے مقیم ہے اور وہ ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کررہا تھا ۔ ترجمان کے بموجب مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔ انٹرپول کی ویب سائیٹ کے بموجب چھوٹا راجن ممبئی میں پیدا ہوا اور کئی قتل کے الزامات اور غیرقانونی آتشی اسلحہ قبضہ میں رکھنے اور ان کے استعمال کے الزامات کا ملزم ہے ۔

TOPPOPULARRECENT