Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈوپاک کرکٹ کا نظارہ چمپینس ٹروفی 2017ء میں ہوگا

انڈوپاک کرکٹ کا نظارہ چمپینس ٹروفی 2017ء میں ہوگا

50 اوور والا ایونٹ انگلینڈ میں یکم تا 18 جون کھیلا جائے گا ۔ کٹر ایشیائی حریفوں کا مقابلہ 4 جون کو مقرر ۔ شیڈول کا اعلان
لندن ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈنگ چمپینس انڈیا کو آئندہ سال کی آئی سی سی چمپینس ٹروفی کیلئے سکنڈ سیڈنگ ملی اور وہ اپنے اوپننگ کرکٹ میچ میں کٹر حریف پاکستان سے کھیلیں گے جبکہ دونوں ملکوں کو انگلینڈ میں منعقد شدنی ایونٹ کیلئے یکساں گروپ میں رکھا گیا ہے۔ ایشیا کی طاقتور ٹیموں کے درمیان 4 جون کو ایجبسٹن، برمنگھم میں مقابلہ ہوگا۔ یہ 18 روزہ ٹورنمنٹ یکم تا 18 جون چلے گا اور کارڈف کے کارڈف ویلز اسٹیڈیم اور لندن کے دی اوول میں بھی میچز دیکھنے میں آئیں گے۔ ایشیائی مسابقت سے دو روز قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ 2015ء فائنل کے بظاہر اعادہ میں مقابلہ ایجبسٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے میزبان اور 2004ء اور 2013ء کے فائنلسٹس انگلینڈ اس ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش سے دی اوول میں مقابلہ کریں گے، جو سابق چمپینس سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان مسابقت کا بھی مقام ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ کے شیڈول کا دی اوول میں اعلان ٹھیک ایک سال قبل کیا گیا جبکہ اس ایونٹ میں پہلی گیند پھینکی جائے گی، جس میں تین ناک آؤٹ مقابلوں کے بشمول جملہ 15 میچز ڈھائی ہفتوں میں کھیلے جائیں گے۔ بلحاظ 30 سپٹمبر 2015ء ٹاپ آٹھ ٹیمیں اس ٹورنمنٹ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں، جبکہ ورلڈ چمپینس آسٹریلیا نمبر ایک سیڈ ہے۔ وہ گروپ A میں چوتھے سیڈز نیوزی لینڈ، چھٹے سیڈز انگلینڈ اور ساتویں سیڈز بنگلہ دیش کے ساتھ ہیں۔ بنگلہ دیش اس کامپٹیشن میں 2006ء کے بعد سے پہلی بار کھیلے گا۔ ہندوستان زیرقیادت گروپ B تھرڈ سیڈز جنوبی افریقہ، پانچویں سیڈز سری لنکا اور آٹھویں سیڈز پاکستان پر مشتمل ہے۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنلز تک پہنچیں گی، جو 14 اور 15 جون کو کھیلے جائیں گے۔ اور فائنل دی اوول میں ہوگا، جس کیلئے ریزرو ڈے رہے گا۔ اس شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی چمپینس ٹروفی مختصر اور تیزرفتار ایونٹ ہے، جو شائقین اور کھلاڑیوں میں یکساں مقبول ہے۔

TOPPOPULARRECENT