Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / انڈوں کی پوست پر نقش و نگار، محترمہ فرح سعید کے فنی شہ پاروں کی ستائش

انڈوں کی پوست پر نقش و نگار، محترمہ فرح سعید کے فنی شہ پاروں کی ستائش

شکاگو امریکہ میں نمائش، پدم بھوشن استاد ذاکر حسین و دیگر سرکردہ شخصیتوں کی شرکت

حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) انڈوں کے پوست پر نقش و نگار کے ذریعہ اُنھیں فنی شہ پاروں میں تبدیل کرنے کا ہنر جاننے والی دختر دکن محترمہ فرح سعید زوجہ ڈاکٹر اوصاف سعید قونصل جنرل ہند متعینہ شکاگو (امریکہ) کی جانب سے گزشتہ ماہ کے اواخر میں عظیم الشان نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں محترمہ فرح سعید کی جانب سے تیار کردہ فنی نمونوں کا معروف عالمی شخصیتوں کے علاوہ آرٹ سے دلچسپی رکھنے والے سینکڑوں افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا۔ پدم بھوشن استاد ذاکر حسین نے افتتاحی دن شکاگو میں منعقدہ اِس نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے اِس فن کی زبردست سراہنا کی۔ اُنھوں نے محترمہ فرح سعید کی جانب سے انڈوں پر نقش و نگار کے ذریعہ تیار کردہ نمونوں کو بے انتہا پسند کرتے ہوئے محترمہ فرح سعید کی فنی صلاحیتوں کی ستائش کی۔ اِس نمائش کا مشاہدہ کرنے والوں میں مسٹر ہاردک بھٹ چیف انفارمیشن آفیسر برائے گورنر بروس رانر ایلینوائے اسٹیٹ، مسٹر ڈینس جنگ، مسز نیٹی لاسکو ، مسز ایمیلی برمن، ڈاکٹر گوپال لال ملانی، جسٹس انتھونی سمپکن، جسٹس دیویا سارنگ، جسٹس سین نلیپی ناتھ، مسز پاؤلا گیرٹ الیز، مسٹر راجہ کرشنا مورتی، مسٹر زین راج، مسز لبینا راج، مسٹر ومن، مسز بلبل بہوگنا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اِس دو روزہ نمائش میں ڈاکٹر اوصاف سعید کی والدہ محترمہ کنیز فاطمہ بھی موجود تھیں۔ محترمہ فرح سعید نے بتایا کہ وہ اِس فن سے اُس وقت واقف ہوئیں جب وہ 17 سال قبل قطر میں تھیں۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ اِس فن کی خصوصیت یہ ہے کہ اِس کے ذریعہ تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور بہ آسانی اِس پر کیلی گرافی کے علاوہ پینٹنگ کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس فن کو دنیا کے دیگر ممالک بالخصوص ہندوستان میں وسعت دینے کے متعلق غور کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید قونصل جنرل ہند متعینہ شکاگو نے اِس موقع پر بتایا کہ یہ ایک سماجی و تہذیبی نمائش ہے جسے قونصل خانہ کا تعاون حاصل ہے اور اِس نمائش کا انعقاد امریکن انڈیا فاؤنڈیشن کے علاوہ میٹرنل اینڈ نیو بورن سروائیول انیشیٹیو (مانسی) کا بھی تعاون رہا ہے۔ انڈوں پر کی گئی اِس نقش و نگاری کے نمونوں کا مشاہدہ کرنے والوں نے اِسے بہت پسند کیا۔ سابق میں محترمہ فرح سعید نے اِس نمائش کا مختلف مقامات دہلی، صنعا (یمن) کے علاوہ جدہ بھی انعقاد عمل میں لایا تھا اور یہ نمائش بالواسطہ طور پر عالمی نمائش میں تبدیل ہوچکی ہے چونکہ ایک سے زائد ممالک میں اِس کا انعقاد عمل میں لایا جاچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT