Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈو۔ پاک سیریز کا فیصلہ حکومت پر منحصر : ٹھاکر

انڈو۔ پاک سیریز کا فیصلہ حکومت پر منحصر : ٹھاکر

نئی دہلی ، 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ مجوزہ ہند۔ پاک باہمی کرکٹ سیریز کے انعقاد کیلئے وقت نکلا جارہا ہے، بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے آج کہا کہ بورڈ کو ہنوز کوئی فیصلہ کرنے سے قبل حکومتی منظوری کا انتظار ہے۔ ہندوستان کو اپنے آسٹریلیا ٹور پر 5 جنوری کو روانہ ہونا ہے، جس سے اس نامی گرامی سیریز کیلئے بہت کم وقت باقی رہ جاتا ہے۔ ٹھاکر نے کہا، ’’میڈیا کو امید تھی کہ سشما سوراج کا دورہ اس کرکٹ سیریز کے بارے میں کوئی فیصلہ کردے گا۔ لیکن معاملہ جب ممالک کے درمیان تعلقات کا ہوتا ہے تو بہت کچھ داؤ پر لگا رہتا ہے اور کسی قطعی نتیجہ پر پہنچنے سے قبل بہت ساری باتیں ملحوظ رکھنا پڑتا ہے‘‘۔ ’’جب کبھی ہندوستانی حکومت اس پر کوئی فیصلہ کرے گی ہم آپ کو واقف کرائیں گے،‘‘ ٹھاکر نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔ وہ افغانستان کرکٹ بورڈ اور گریٹر نوئیڈہ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کے موقع پر مخاطب تھے۔ انھوں نے مزید کہا: ’’یہ اُن (پی سی بی) کو طئے کرنا ہے کہ اس سیریز کی میزبانی کیلئے اطمینان کا وقت کونسا ہے۔ ہم آسٹریلیا کیلئے 5 جنوری کو روانہ ہورہے ہیں اور جنوبی افریقہ کے ساتھ طویل سیریز کے بعد کھلاڑیوں کو چار تا پانچ یوم آرام دینا اہم ہے۔ لہٰذا مناسب یہی ہے کہ اگر آپ کو 5 تاریخ کو پرواز کرنا ہو تو آپ (ڈسمبر کی) 30 تاریخ تک فارغ ہوجانے چاہئیں۔‘‘ دونوں اقوام کے درمیان دستخط شدہ ایم او یو کے بموجب پی سی بی کو ڈسمبر میں باہمی سیریز کی میزبانی کرنا ہے لیکن دونوں بورڈز کے بدلتے موقف کے نتیجے میں الجھن پیدا ہوگئی۔

TOPPOPULARRECENT