Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن کی اسکالر شپس

انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن کی اسکالر شپس

یتیم و یسیر طلبہ کیلئے خصوصی رعایت ، 21 نومبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن ، عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے توسط سے ہر سال ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے مستحق طلبہ میں اسکالر شپس کی تقسیم عمل میں لاتا ہے ۔ اس سال بھی اسکالر شپ کے لیے ہونہار اور مستحق طلبہ سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں ۔ ڈاکٹر ایم فصیح الدین علی خاں بانی صدر نشین فاونڈیشن نے بتایا کہ جاریہ سال بھی مستحق طلباء وطالبات میں جملہ ایک لاکھ روپئے کے اسکالر شپس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ اسکالر شپس کی تقسیم میں سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے تعاون اور اولیائے طلبہ کے حوصلہ افزاء ردعمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے ۔ ایسے میں حصول تعلیم اور ہنر کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی مدد کرنابھی ہم تمام کی ذمہ داری ہے ۔ مسلمانوں میں تعلیم عام کرنے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔ اسی جذبہ کو لے کر 1999 میں ڈاکٹر ایم فصیح الدین نے لندن میں انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن برطانیہ کی بنیاد ڈالی تھی اور اللہ کا شکر ہے کہ پچھلے 15 برسوں سے ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں طلباء وطالبات کی مالی مدد کی جارہی ہے ۔ جاریہ سال ماں یا باپ یا دونوں کی شفقت سے محروم طلبہ کے لیے 10 اسکالر شپس دئیے جائیں گے ۔ ان طلبہ کے لیے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ میں 85 کی بجائے 80 فیصد سے زائد نشانات مقرر کئے گئے ہیں ۔ جب کہ ایسے تمام طلبہ کے لیے جنہوں نے ایس ایس سی میں 85 فیصد سے زائد نشانات حاصل کئے ہوں فی کس دو ہزار روپئے ( صرف 15 طلباء و طالبات کے لیے ) دئیے جائیں گے ۔ جب کہ انٹر میڈیٹ سال دوم کامیاب طلبہ کے لیے 85 فیصد سے زائد نمبرات کی شرط کے ساتھ فی کس 2500 روپئے کی 15 اسکالر شپس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ درخواست کی آخری تاریخ 21 نومبر 2015 مقرر کی گئی ہے ۔ طلبہ اپنی خود کی تحریر کردہ درخواستیں ضروری تعلیمی صداقت ناموں کی نقول کے ساتھ جنرل منیجر روزنامہ سیاست جناب میر شجاعت علی سے شخصی طور پر رجوع ہو کر یا بذریعہ ڈاک پیش کرسکتے ہیں ۔ منتخب امیدواروں کو خط یا بذریعہ فون مطلع کیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT