Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا کا سلور میڈل پر اکتفا ، آسٹریلیا کو اذلان شاہ ٹائٹل

انڈیا کا سلور میڈل پر اکتفا ، آسٹریلیا کو اذلان شاہ ٹائٹل

ایپوہ (ملائیشیا) ، 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تھامس ولیمز کریگ اور میاٹ گوڈز نے فی کس دو گول اسکور کئے جن کی مدد سے آسٹریلیا نے ہندوستان کی امیدوں کو آج یہاں فائنل میں 4-0 سے چکناچور کرتے ہوئے اپنا نواں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹائٹل جیت لیا۔ کریگ نے 29 ویں اور 35 ویں منٹ میں گول بنائے، جبکہ گوڈز نے 43 ویں اور 58 ویں منٹ میں اسکور کو آگے بڑھایا۔ اس طرح کنگروز نے پانچ مرتبہ کے چمپینس انڈیا کو اپنی ہنرمندی کے جارحانہ مظاہرے میں ناکام بنا دیا۔ ہندوستانیوں نے فرسٹ کوارٹر میں اچھا دفاع کیا جبکہ کوئی گول اسکور نہیں ہوسکا، لیکن آسٹریلیا نے سکنڈ کوارٹر سے تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ میچ پر غالب ہوگئے۔ آسٹریلیا نے پہلا گول 29 ویں منٹ میں بنایا۔ تھامس کریگ نے کنگروز کیلئے یہ گول اسکور کیا، جو گزشتہ سال رنرزاپ تھے۔ کریگ نے اپنی جارحانہ روش برقرار رکھتے ہوئے 35 ویں منٹ میں دوسرا گول داغا۔ میاٹ گوڈز نے ہندوستان کو تیسرا جھٹکہ 43 ویں منٹ میں دیا۔ انھوں نے اپنا دوسرا اور آسٹریلیائی ٹیم کا قطعی گول کھیل کے اختتام سے عین قبل اسکور کیا۔ دونوں ٹیموں نے اپنے گول کیپرز چوتھے کوارٹر میں تبدیل کئے۔ ہندوستان کیلئے ہرجوت سنگھ میدان پر آئے مگر کچھ فائدہ نہ ہوا، اور سردار سنگھ زیرقیادت ہندوستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال اذلان شاہ ٹائٹل نیوزی لینڈ نے جیتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT