Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا کو ایشین جونیر اتھلیٹکس میٹ میں تیسرا مقام

انڈیا کو ایشین جونیر اتھلیٹکس میٹ میں تیسرا مقام

ہو چی منہہ سٹی (ویتنام) ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اپنی 17 ویں ایشین جونیر چمپئن شپس کی مہم گزشتہ روز 17 تمغوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ختم کی، جو اس سے قبل کے ایڈیشن میں 12 میڈلس کی اُن کی کارکردگی سے بہتر ہے۔ انڈیا کو سات گولڈ، چار سلور اور چھ برونز میڈلس حاصل ہوئے جو مجموعی طور پر 17 تمغے ہوئے جبکہ جاپان نے 14 گولڈ میڈلس کے ساتھ شرکاء ممالک کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام اور اس کے بعد چین (11 گولڈز) نے دوسرا مقام پایا۔ ہندوستانیوں نے ایسا معلوم ہوا کہ اپنا بہترین مظاہرہ آخری دن کیلئے باقی رکھا تھا جیسا کہ وہ تین گولڈ اور اتنے ہی سلور میڈلس کے ساتھ دو برونز میڈلس بھی جیتے جبکہ اُن کے دو اتھلیٹس للی داس اور جیسنا میتھیو نے ان مقابلوں میں اپنے دوسرے گولڈ میڈل کے ساتھ دہری سنہری کامیابی کی تکمیل کی۔ مغربی بنگال میں ضلع ہوگلی کے تریوینی کی متوطن 17 سالہ للی نے ویمنس 800m دوڑ میں 2:06.64 سکنڈ کا وقت لیا، جو اِن چمپئن شپس میں اُن کا دوسرا گولڈ میڈل جتوانے والا مظاہرہ ثابت ہوا۔ قبل ازیں اس کم عمر اتھلیٹ نے جس کی شروعات بچپن میں 400m اور 600m رنر کے طور پر ہوئی اور بعد میں وہ طویل تر فاصلے کے زمرے کو منتقل ہوئی، اپنے پسندیدہ ایونٹ 1500 میٹر دوڑ میں گولڈ جیتا تھا۔ ویمنس 4x400m ریلے ٹیم نے انڈیا کیلئے آخری گولڈ جیتا جس میں پی ٹی اوشا کی تربیت یافتہ ہونہار اتھلیٹ جیسنا میتھیو نے عمدگی سے ریس جتوائی حالانکہ ایک مرحلہ پر ہندوستانی ٹیم پچھڑ گئی تھی۔ شاہربانہ صدیقی بھی اس ریلے ٹیم کا حصہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT