Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا کو سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی ایک اور کوشش

انڈیا کو سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی ایک اور کوشش

لاہور۔ 12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)  پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے ہندوستان کو متحدہ عرب امارات میں باہمی سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی ایک اور کوشش کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس سے ملاقات کی۔جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی تفصیلی ملاقات میں شہریار نے ظہیر سے درخواست کی کہ وہ ہفتہ سے شروع ہونے والے اپنے دورہ ہندوستان کے دوران بی سی سی آئی حکام کو ڈسمبر میں باہمی سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں۔ پی سی بی چیئرمین نے ’’ڈان‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ملاقات میں سیریز ممکن بنانے کی کوششوں پر غور کیا گیا۔’میں نے ظہیر سے کہا کہ وہ بطور آئی سی سی صدر اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے دونوں ملکوں میں کرکٹ کی تشہیر کیلئے اس سیریز کو ممکن بنانے کی کوشش کریں‘۔’مجھے امید ہے کہ سیریز بحال کرنے میں ظہیر کا کردار بہت موثر ہو گا‘۔ یاد رہے کہ2006-2003 تک جاری رہنے والے شہریار کے آخری دور میں متعدد ہند ۔ پاک سیریز منعقد ہوئی تھیں۔

تاہم ، ان کے رخصت ہونے کے بعد پی سی بی چیئرمین رہنے والے ڈاکٹر نسیم اشرف، اعجاز بٹ، ذکا اشرف اور نجم سیٹھی دونوں ملکوں میں کرکٹ تعلقات بحال کرنے میں ناکام رہے تھے۔ذکا کے دور میں پاکستان نے 2013 میں انڈیا کا دورہ کرتے ہوئے تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20میچ کھیلے تاہم اس دورہ میں کوئی ٹسٹ نہیں کھیلا جا سکا۔ادھر، ایک اہم پیشرفت میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے جمعرات کو ہند ۔ پاک سیریز کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ اس بیان کے بعد پی سی بی میں نئی امید پیدا ہوئی اور غالباً جمعہ کو شہریار۔ ظہیر ملاقات کا محرک بھی یہی بیان ہے۔رچرڈسن نے ایک انڈین روزنامہ سے گفتو میں کہا تھا کہ ’ایک مرتبہ سیکیورٹی کے معاملے طے پا جائیں ، جس پر دونوں ملک مطمئن ہوں تو بلا شبہ ہندک ۔پاک سیریز سے ٹسٹ کرکٹ کو تقویت ملے گی‘۔ انڈیا کے خلاف سیریز مالی لحاظ سے بھی پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سیریز سے پانچ کروڑ امریکی ڈالرز کی آمدنی متوقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT