Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا کو ہرانا آسان نہیں ، انگلینڈ کے کپتان مورگن کا تاثر

انڈیا کو ہرانا آسان نہیں ، انگلینڈ کے کپتان مورگن کا تاثر

ونڈے سیریز کا 15 جنوری کو آغاز ۔ ٹسٹ سیریز کھیلنے سے ہندوستانی حالات کا تجربہ ہوا : بٹلر
ممبئی، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے محدود اوورز کی کرکٹ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ہندستانی ٹیم کو اُس کے میدان پر ونڈے سیریز میں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ مورگن نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ ہم ہندستان کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے تیار ہیں۔ لیکن ہندستان کے خلاف اس کی زمین پر کھیلنا خاص تجربہ رہے گا۔ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور انہیں ان کے مانوس حالات میں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محدود اوور سیریز ہے لیکن یہاں کافی تجربہ ملے گا۔مورگن اور ٹیم کے ساتھی جوس بٹلر نے سیریز سے پہلے نیٹ پریکٹس میں بھی حصہ لیا۔اس درمیان بٹلر نے کہا کہ ونڈے سیریز ٹسٹ سیریز سے الگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹسٹ سیریز میں کھیلنے سے یہاں کے حالات کا تجربہ ہو گیا ہے جو ہمارے لئے فائدہ مند ہو گا۔ بٹلر نے کہا کہ ونڈے سیریز ٹسٹ فارمٹ سے بالکل مختلف ہوگی۔ونڈے میں ہمارے پاس بالکل مختلف ٹیم ہے ۔ تاہم ہمیں خود کو اس کے لیے بھی نئے سرے سے تیار کرنا پڑے گا کیونکہ ٹسٹ سے خود کو ونڈے کے مطابق ڈھال لینا آسان نہیں ہوتا ہے ۔ ونڈے سیریز میں اب مہندر سنگھ دھونی کے بجائے ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا کے کھیلنے کے سوال پر مورگن نے کہا کہ ویراٹ بہترین کھلاڑی ہیں۔لیکن ہمیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا ہے کہ مخالف ٹیم کا کپتان کون ہوگا۔ہماری توجہ صرف ہمارے کھیل پر ہے ۔ انگلینڈ کو ٹسٹ سیریز میں ہندستان سے 0۔4 سے شکست کھانی پڑی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز 15 جنوری کو پونے میں شروع ہوگی۔ ہندستان کے خلاف سیریز سے پہلے صرف دو پریکٹس میچوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جو بھی ونڈے سیریز ہم کھیلتے ہیں اس کیلئے ہمیں کافی تیاری کرنی پڑتی ہے ۔اس لئے دورے سے پہلے ہی کھلاڑیوں کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔اس لئے ہم پریکٹس میچوں پر ہی منحصر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان کے خلاف کھیلنا ہمارے لئے ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے ۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں یہاں کھیلنے کو ملا ہے۔ یہ کھیلنے کے لحاظ سے ایک بہترین جگہ ہے جہاں لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں اور بڑی تعداد میں میچوں کو دیکھنے پہنچتے ہیں۔ہماری ٹیم کا ہر کھلاڑی آئندہ سیریز کو لے کر بہت حوصلہ افزا ہے ۔ بٹلر نے کہاکہ کرسمس سے پہلے ہمیں یہاں کی اسپن پچوں پر کھیلنے کا کافی موقع ملا۔ہماری تیاری بھی اچھی ہے اور ونڈے سیریز میں ہم انڈیا کو ٹکر دینے کے لئے تیار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT