Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا کیخلاف فتح، سری لنکا نے ریکارڈ برابر کیا

انڈیا کیخلاف فتح، سری لنکا نے ریکارڈ برابر کیا

لندن ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) چمپینس ٹرافی میں سری لنکا نے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ایونٹ کی فیورٹ ویراٹ کوہلی کی ٹیم انڈیا کو 7 وکٹ سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔انڈیا نے سری لنکا کو میچ میں فتح کیلئے 322 رنز کا ہدف دیا اور ایک مشکل نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم جلد ہی پہلی وکٹ بھی گنوا بیٹھی۔ لیکن اس کے بعد بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے انجیلو میتھیو ز زیرقیادت ٹیم کو آٹھ گیندیں قبل ہی 322 رنز کے ہدف تک رسائی دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم نے خود اپنا ریکارڈ مساوی کرلیا ہے ۔ ونڈے کرکٹ میں انہوں نے اب تک سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا اپنا پرانا ریکارڈ برابر کردیا۔اس سے قبل سری لنکا نے سب بڑے ہدف کا تعاقب 2006ء میں انگلینڈ کے خلاف کیا تھا اور اس وقت بھی انہوں نے 322 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔اس کے ساتھ ہی سری لنکا نے چمپینس ٹرافی کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا جو اس سے قبل ایونٹ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے بنایا تھا۔ ونڈے کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے پاس ہے جس نے 2006ء میں آسٹریلیا کے 435 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT