Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا ۔ پاکستان میچ دھرمشالا سے کولکاتا کو منتقل : آئی سی سی

انڈیا ۔ پاکستان میچ دھرمشالا سے کولکاتا کو منتقل : آئی سی سی


کولکاتا ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دھرمشالا کا نقصان کولکاتا کا فائدہ بن گیا کیونکہ آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا 19 مارچ کو مقررہ نمایاں انڈیا۔ پاکستان میچ اب یہاں کے مثالی ایڈن گارڈنس کو منتقل جارہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج تصدیق کردی کہ کٹر حریفوں کے درمیان یہ میچ جس کا بے صبری سے انتظار ہے، دھرمشالا میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اٹھائے گئے سکیورٹی خدشات کے درمیان اب باضابطہ طور پر کولکاتا کو منتقل کیا جارہا ہے۔ آئی سی سی سی ای او ڈیوو رچرڈسن نے نئی دہلی میں میڈیا کو بتایا کہ یہ فیصلہ چیف منسٹر ہماچل پردیش کی جانب سے اسٹیڈیم کے اندرون و بیرون ممکنہ احتجاج سے متعلق مبینہ بیانات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین اپنی رقم واپس حاصل کرسکتے ہیں یا وہ اسی طرح کے ٹکٹس کولکاتا کیلئے منتقل کروا سکتے ہیں۔ آئی سی سی کو سکیورٹی ایجنسیوں نے یقین دلایا ہے کہ تمام مقامات پر مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ جب یہ پوچھا گیا کہ آیا ہندوستان ان حالات کے بعد بھروسہ کھوچکا ہے، رچرڈسن نے فوری اس دعوے کی تردید کردی اور کہا: ’’آئی سی سی نے (اس میچ کی منتقلی کے سبب) ہندوستان پر بھروسہ نہیں کھویا ہے۔

‘‘ ’’یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کھیل کے مقامات کو سکیورٹی مسائل کی وجہ سے تبدیل کیا گیا۔ لیکن ریاستی حکومت کو اپنی فکرمندی سے پیشگی واقف کرا دینا چاہئے تھا۔ فی الحال ہمارے لئے ایچ پی سی اے پر تحدیدات کے بارے سوچنا قبل از وقت ہے۔‘‘ دریں اثناء بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے میڈیا کو بتایا کہ بورڈ نے یہ میچ دھرمشالا میں ہی منعقد کرانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی لیکن قطعی فیصلہ آئی سی سی پر منحصر ہے۔ منگل کی رات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی اور انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے کہا کہ اس کا میچ دھرمشالا سے منتقل کردیا جائے کیونکہ اس کے سہ رکنی وفد نے گزشتہ روز اس مقام کا دورہ کرنے کے بعد سکیورٹی اندیشے ظاہر کئے ہیں۔ اس رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے پی سی بی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے ہندوستان کو اپنی ٹیم کی روانگی موخر بھی کردی۔ ایک پی سی بی عہدہ دار کے حوالے سے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ نے کہا کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی اور آئی سی سی سے خواہش کی تھی کہ دھرمشالا سے 19 مارچ کا میچ کولکاتا یا موہالی کو منتقل کیا جائے۔ پاکستانی ٹیم قبل ازیں چہارشنبہ کی دوپہر لاہور سے نئی دہلی روانہ ہونے والی تھی لیکن یہ روانگی روک دی گئی۔

 

دھرمشالا سے میچ کی منتقلی کا پی سی بی نے خیرمقدم کیا
لاہور ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)چیرمین پی سی بی شہریار خان نے آج آئی سی سی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا کہ ہند۔ پاک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ کو دھرمشالا سے کولکاتہ منتقل کردیا جائے ، لیکن پاکستانی ٹیم کی روانگی کو ہندوستانی حکومت کی طرف سے تیقن کا انتظار کرتے ہوئے ابھی معروضہ التواء رکھا گیا ہے ۔ شہریار نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ مین اور ویمن دونوں ٹیموں کی روانگی مؤخر کی گئی ہے ۔ اس تبدیلی سے حکومت کو واقف کرادیا گیا ہے کیونکہ اس نے بورڈ کی رائے مانگی تھی ۔ شہریار کا ردعمل آئی سی سی کی جانب سے آج نئی دہلی میں اس اعلان کے بعد سامنے آیا کہ 19 مارچ کے ہند۔ پاک میچ کا مقام سکیورٹی وجوہات کے سبب دھرمشالا سے کولکاتہ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ پی سی بی سربراہ نے کہا کہ کولکاتہ اچھا مقام ہے اور ہم اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن ہندوستانی حکومت کی طرف سے بھی ہمیں ممکنہ خطرات کے بارے میں تیقن دیا جانا چاہئے جس کا ہمیں انتظار ہے ۔

TOPPOPULARRECENT