Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈیا 455 رنز ، جواب میں انگلینڈ 103/5

انڈیا 455 رنز ، جواب میں انگلینڈ 103/5

وشاکھاپٹنم ، 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور ہندوستان کے 455 رنز کے جواب میں 103 رنز پر آدھی مہمان ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔آج یہاں سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں انگلش اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ ہوا اور محمد سمیع کی خوبصورت گیند پر ایلسٹر کک اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ اس کے بعد حسیب حمید اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کیلئے اسکور کو 51 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں حسیب کو اپنی وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔ اسکور 72 تک پہنچا تو روی چندرن اشوین نے بین ڈکٹ کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی انگلینڈ کو سب سے بڑا جھٹکہ اس وقت لگا جب ایک غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے روٹ 51 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ گزشتہ میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے معین علی آف اسپنر جینت یادو کی ٹسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد دن کے اختتام تک بین اسٹوکس اور جانی بیئر اسٹو نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 103 رنز بنائے تھے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 153 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل ہندوستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 455 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے دوسرے دن ہندوستان نے 317 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز شروع کی تو پہلے دن ناکام رہنے والے انگلش اسپنرز نے دوسرے دن وکٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستانی بلے بازوں کو خوب پریشان کیا۔ انگلینڈ کو دن کی پہلی کامیابی ویراٹ کوہلی کی وکٹ کی شکل میں ملی جو 167 رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد معین علی کو وکٹ دے بیٹھے۔ معین نے انگلینڈ کو جلد ہی مزید دو کامیابیاں دلاتے ہوئے وردھیمان ساہا اور رویندرا جدیجا کی اننگز کا بھی کاتمہ کردیا۔ اس موقع پر اشوین ڈٹے رہے اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم 450 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ وہ 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ عادل راشد نے آخری دو وکٹیں حاصل کر کے 455 رنز پر ہندوستانی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور جیمز اینڈرسن تین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ منعقدہ راجکوٹ ڈرا پر ختم ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT