Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / انڈین ٹیم 2017ء میں سمندرپار بھی اچھا کھیلے گی : جڈیجا

انڈین ٹیم 2017ء میں سمندرپار بھی اچھا کھیلے گی : جڈیجا

Indian team poses after winning the test cricket series against England in Chennai, India, Tuesday, Dec. 20, 2016. (AP Photo/Tsering Topgyal)

میری توجہ اچھی کرکٹ پر مرکوز، ہندوستانی ٹیم کی کامیابیوں میں فٹنس کا اہم رول ، آل راؤنڈر کے تاثرات
بنگلورو ، 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ ٹیم کیلئے غیرمعمولی سال کا مثبت انداز میں اختتام کرنے کے بعد اسٹار آل راؤنڈر رویندر جڈیجا نے آج وعدہ کیا کہ وہ 2017ء میں ’’کمزور ٹراویلرز‘‘ ہونے کی منفی بات ختم کردینے کی کوشش کریں گے۔ جڈیجا یہاں اسپورٹس کے ملبوسات کی کمپنی Zaven کے زیراہتمام ایونٹ کے موقع پر مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا: ’’میں اور میری ٹیم دنیا بھر میں موجود ہمارے پرستاروں سے وعدہ کرتی ہے کہ انڈیا 2017ء میں سمندرپار اچھا مظاہرہ پیش کرے گا۔ ہم دورہ کنندگان کی حیثیت سے کمزور کارکردگی پیش کرنے والی ٹیم ہونے کی منفی بات ختم کردینا چاہتے ہیں۔‘‘ جڈیجا نے گزشتہ روز چینائی میں انگلینڈ کو پانچویں و آخری ٹسٹ میں شکست فاش دینے میں ٹیم انڈیا کی 7/48 کے متاثرکن اعداد و شمار کے ذریعے مدد کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال نیشنل کرکٹ ٹیم کیلئے نہایت اچھا رہا ہے جیسا کہ وہ یکے بعد دیگر سیریز جیتتے آئے ہیں۔ ہندوستان نے اِس سال 11 کے منجملہ آٹھ ٹسٹ جیتے ہیں، اس طرح ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ کامیابیوں کا اپنا سابقہ ریکارڈ مساوی کیا۔ 2010ء میں کھیلے گئے 14 ٹسٹ میں آٹھ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی، تین ناکامیاں ہوئی تھیں اور تین میچز ڈرا ہوئے تھے۔ جڈیجا نے کہا کہ موجودہ انڈین ٹسٹ ٹیم نہایت شاندار مظاہرہ پیش کرتی آئی ہے کیونکہ فٹنس کے اعتبار سے تمام کھلاڑی اچھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج کل لڑکے نہایت فٹ ہیں اور جِم میں کافی وقت گزارتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم میدان پر ہمارا بہترین کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جڈیجا نے کہا کہ انھیں مستقبل میں مزید کئی اشتہاری معاملتوں پر دستخط کی امید ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب وہ استقلال کے ساتھ کارکردگی پیش کرتے رہیں۔ انھوں نے مزید کہا، ’’میری توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے اور اگر میں ایسا کرپاتا ہوں تو مجھے اندازہ ہے مستقبل میں مزید کئی برانڈز مجھ سے رجوع ہوں گے۔‘‘
اشوین ، جڈیجا کو ٹاپ دو آئی سی سی درجات
دبئی ، 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روی چندرن اشوین اور رویندر جڈیجا نے آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی کے ٹاپ دو مقامات حاصل کرتے ہوئے انوکھی مثال قائم کی ہے۔ لیفٹ آرم اسپنر نے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ روز اختتام پذیر چینائی ٹسٹ میں پہلی بار میچ میں 10 وکٹ والا مظاہرہ درج کرایا، جس نے انھیں دوسری پوزیشن تک پہنچایا۔ جڈیجا نے 10/154 کے ساتھ پانچ میچ کی سیریز میں 26 وکٹیں حاصل کئے جبکہ اشوین کے وکٹوں کی تعداد 28 رہی۔ پیس بولر ایشانت شرما دو مقامات آگے بڑھ کر 23 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT