Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / انکاونٹر کے ایک دن بعد کشمیر میں برہم ہجوم کی توڑپھوڑ

انکاونٹر کے ایک دن بعد کشمیر میں برہم ہجوم کی توڑپھوڑ

سرینگر ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک عسکریت پسند کی انکاونٹر میں موت کے ایک دن بعد برہم عوام کے ہجوم نے آج توڑپھوڑ شروع کردی اور ضلع کلگام کے کئی علاقوں میں فوج کے ساتھ اس کا تصادم ہوگیا۔ وادی کشمیر میں مہلوک انتہاء پسند کی موت پر سوگ منانے کیلئے ایک دن کی اچانک ہڑتال کی گئی تھی۔ ایک 16 سالہ لڑکا گولی کے زخم سے شدید زخمی ہوگیا۔ گولیاں اس کے چہرہ اور پیٹ پر لگی تھیں جبکہ ہجوم نے احتجاج کرتے ہوئے سرکاری کوارٹر کو نذرآتش کردیا تھا۔ یہ حزب المجاہدین کے عسکریت پسند داؤد احمد شیخ کی رات بھر کے انکاونٹر میں فوج کے ہاتھوں ہلاک ہونے کے خلاف عوام کا احتجاج تھا۔ زخمی لڑکے کو سرینگر میں خصوصی علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔ فوج کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نوجوانوں کا ایک گروپ زرعی فورم میں داخل ہوگیا تھا اور اس نے وہاں عملہ کا کوارٹر نذرآتش کردیا۔ مقامی انتظامیہ نے پولیس اور نیم فوجی فورس حساس علاقوں میں بھاری تعداد میں تعینات کردی ہے تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھا جائے جبکہ جلوس جنازہ نکالا جائے گا جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT