Sunday , April 30 2017
Home / Top Stories / انگریزی پرچہ اول کا دوبارہ امتحان نہیں ہوگا

انگریزی پرچہ اول کا دوبارہ امتحان نہیں ہوگا

مابقی امتحانات بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے: ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن
حیدرآباد۔21مارچ (سیاست نیوز) کھمم میں ایس ایس سی پرچہ سوالات کے افشاء کے پس منظر میں محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ دوبارہ امتحان منعقد نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بعض خبروں اور ٹی وی چیانلس پر یہ باور کیا گیا کہ ضلع کھمم میں ایس ایس سی کے انگریزی پرچہ اول کا افشاء ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پرچہ سوالات کا افشاء نہیں ہوا بلکہ اس معاملہ میں بے قاعدگی ہوئی ہے چنانچہ انگریزی پیپر ۔ I کا مکرر امتحان نہیں ہوگا۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مابقی امتحانات بھی شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ و ریاستی وزیر تعلیم مسٹر کڈیم سری ہری نے ایس ایس سی کے انگریزی پرچہ اول کے افشاء کے معاملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کھمم مسٹر ڈی ایس لوکیش کمار سے رابطہ قائم کیا اور ہدایت دی کہ اگر ایس ایس سی پرچہ کا افشاء ہوا ہے تو اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور کسی کو بھی نہ بخشا جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر تعلیم نے بتایا کہ اس مسئلہ پر جب تک تحقیقات نہیں ہوجاتی کچھ کہا نہیں جا سکتا کیونکہ یہ افواہیں کافی وقت سے گشت کررہی تھیں۔ضلع کھمم میں واٹس اپ پر ایس ایس سی کا امتحانی پرچہ موصول ہونے کے بعد شروع ہوئی اس کاروائی کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی سی آئی ڈی تحقیقات کروائی جائے گی کیونکہ ایس ایس سی امتحان کے پرچہ کا افشاء کوئی معمولی جرم نہیں ہے۔ سال گذشتہ ایمسیٹ کے پرچہ کے افشا ء کی تحقیقات بھی سی آئی ڈی کے ذریعہ کروائی گئی تھیں جس کے تار ملک کی دیگر ریاستوں تک بھی پھیلے ہوئے تھے اسی لئے امکان ہے کہ ایس ایس سی پرچہ کے افشاء کی ابتدائی تحقیقات کے بعد اس مقدمہ کو سی آئی ڈی کے حوالے کیا جائے گا۔ ایس ایس سی پرچہ کے افشاء کی اطلاع کے ساتھ ہی طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT