Tuesday , June 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ‘کوہلی کیلئے سب سے مشکل اورلارا کے لئے چیمپئین

انگلینڈ‘کوہلی کیلئے سب سے مشکل اورلارا کے لئے چیمپئین

لندن ۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چیمپین ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انگلینڈ کی ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کی سب سے مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انگلش ٹیم میں کوئی کمزوری نظر نہیں آئی اور ایونٹ میں انہیں شکست دینا ایک بڑا  چیلنج ہے۔کوہلی نے کہا کہ میرے خیال میں انگلینڈ کی ٹیم بہت متوازن ہے۔ یہ دنیا کی دو بہترین متوازن ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ان کی بیٹنگ نویں، دسویں نمبر تک جاری رہتی ہے اور یہ تمام کھلاڑی جارحانہ مظاہرہ کرتے ہیں۔ پانچ سے چھ کھلاڑی بولنگ اور بیٹنگ دونوں کرتے ہیں اور یہ دنیا کے بہترین چست فیلڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دینا تمام ٹیموں کیلئے بہت بڑا چیلنج ہو گا کیونکہ ورلڈ کپ 2015 کے بعد انہوں نے اپنے کرکٹ کھیلنے کے انداز کو بہت بدل لیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں کوہلی نے یہاں تک کہا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم کی کوئی کمزوری نہیں کیونکہ وہ تمام پچاس اوورز صرف جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلتے ہیں اور یہی چیز انہیں باقی تمام ٹیموں سے ممتاز کرتی ہے۔کوہلی نے مزیدکہا کہ میں پہلے اہم آئی سی سی ٹورنمنٹ میں بحیثیت کپتان کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔ ہماری ٹیم پچھلی مرتبہ سے زیادہ مضبوط ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم اپنے خطاب کے دفاع میں کامیاب رہیں گے۔دوسری جانب اپنے عہد کے عظیم ترین کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے کہا ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے میزبان انگلش ٹیم میگا ایونٹ کی ممکنہ چیمپئن ہو سکتی ہے۔اس ٹیم میں چند پرجوش کھلاڑی موجود ہیں لہٰذا چیمپئنز ٹرافی کیلئے انگلینڈ ان کی پسندیدہ ٹیم ہوگی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT