Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / انگلینڈ آخری اننگز میں 158 پر آؤٹ ، انڈیا فاتح ، کوہلی کو ایوارڈ

انگلینڈ آخری اننگز میں 158 پر آؤٹ ، انڈیا فاتح ، کوہلی کو ایوارڈ

وشاکھاپٹنم، 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے آج انگلینڈ کے مقابل دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں 246 رنز کی شاندار جیت درج کراتے ہوئے پانچ میچ کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی، جس میں یہاں اسپنرز کی تگڑی نے کلیدی رول ادا کیا۔ نہایت مشکل 405 کے تعاقب میں انگلینڈ لنچ کے تھوڑی دیر بعد 158 کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ ہوگیا، جو میزبانوں کیلئے ان مہمانوں کے خلاف رنوں کے اعتبار سے اپنی دوسری سب سے بڑی فتح ثابت ہوئی۔ گزشتہ روز میچ کی چوتھی شام کافی دفاعی انداز اختیار کرنے کے بعد انگلش ٹیم نے دوشنبہ کو کچھ خاص مزاحمت کے بغیر ہتھیار ڈال دیئے جیسا کہ آٹھ وکٹیں 71 رنز کے اضافے میں گرگئیں۔ ڈاکٹر وائی ایس آر ریڈی اے سی اے۔ وی ڈی سی اے اسٹیڈیم میں روی چندرن اشوین (3/52) اور پہلا ٹسٹ کھیلنے والے جینت یادو (3/30) نے تباہی مچائی۔ انڈین کیپٹن ویراٹ کوہلی کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری اور پھر دوسری اننگز میں عمدہ ہاف سنچری کے بل بوتے پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ آج کے کھیل کا خلاصہ یہ ہے کہ ٹیم انڈیا نے اسپنرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹسٹ میچ میں 246 رنز کے بھاری فرق سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ میں انگلینڈ نے 87 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا احیاء کیا تو انڈین بولرز کے سامنے پوری بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار کی طرح گر گئی۔ میچ کے چوتھے دن السٹیر کک اور حسیب حمید نے زیادہ سے زیادہ گیندوں کر کھیل کر میچ ڈرا کرنے کی حکمت عملی پر کامیابی سے عمل کیا لیکن آخری دن یہ حکمت عملی کارگر نہ رہی۔ دن کی صبح پانچ رنز کے اضافے سے بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے اشوین کو وکٹ دے بیٹھے۔ ٹیم کی سنچری مکمل ہی ہوئی تھی کہ رویندر جڈیجا نے کپتان کی مدد سے معین علی کی اننگز کا خاتمہ کا کردیا تاہم انگلینڈ کو سب سے بڑا جھٹکہ اس وقت لگا جب 115 کے اسکور پر بین اسٹوکس اور جو روٹ پویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی میچ بچانے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ 34 رنز بنانے والے جانی بیئر اسٹو نے ایک طرف سے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نبھانے پر آمادہ نہ ہوا اور پوری ٹیم 158 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کے سات کھلاڑی ’ڈبل فیگر‘ میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ انڈیا نے میچ میں 246 رنز دے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ پہلا ٹسٹ راجکوٹ میں ڈرا ہوا تھا۔ میزبانوں کی جانب سے اسپنرز نے عمدہ مظاہرہ کیا، اشوین اور یادو نے تین، تین اور جڈیجا اور محمد سمیع نے دو وکٹیں حاصل کئے۔ پہلی اننگز میں 167 اور دوسری اننگز میں 81 رنز کی عمدہ بیٹنگ پر ہندوستانی کپتان کوہلی کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹسٹ میچ 26 نومبر سے موہالی میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT