Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ میں رونی کو 2015ء کے بہترین فٹبالر کا اعزاز

انگلینڈ میں رونی کو 2015ء کے بہترین فٹبالر کا اعزاز

لندن ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے مشہور فٹبالر وین رونی کو شاندار کارکردگی اور ریکارڈ 51 گول اسکور کرنے پر انگلینڈ کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ کی فٹبال اسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق 30 سالہ رونی کو ووٹنگ کے ذریعے بہترین کھلاڑی کا حقدار قراردیا گیا۔ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے دیگر ممالک کے خلاف کرئیر میں 51 گول کرکے بابی چارلٹن کے 49 گول کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑا جبکہ رواں برس 7 گول کے ساتھ سرفہرست کھلاڑی رہے۔ اسی طرح ان کی کارکردگی سے انگلینڈ کی ٹیم سال بھر میں 10 ریکارڈ کامیابیوں کے ذریعے یوروکپ 2016ء تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔ رونی نے انگلینڈ کے سپورٹرز کلب کے اراکین کے 37 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ انھوں نے یہ ایوارڈ 2008ء، 2009ء اور 2014ء میں حاصل کیا تھا۔ رونی نے اپنی ویب سائٹ پر پیش کردہ اظہار خیال میں کہا کہ ’’اس ایوارڈ کو حاصل کرنا ہمیشہ عزت کی بات ہے اور چوتھی دفعہ جیتنا میرے لئے انتہائی فخر کا باعث ہے‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’یہ حقیقت ہے کہ یہ مداحوں کی جانب سے ہے جو میرے لئے بہت خاص ہے۔ یہ سال (2015ء) ٹیم اورذاتی طورپر میرے لئے بہت اچھا رہا۔‘‘ رونی نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’میں تمام مداحوں کا ان کی مسلسل حمایت پر شکرگزار ہوں اور امید ہے کہ 2016ء اس سے بہتر سال ہوگا۔ اسٹوک سٹی کے گول کیپر جیک بٹ لینڈ کو بہترین کارکردگی پر انڈر 21 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ رونی اور بٹ لینڈ کو یہ ایوارڈ 26 مارچ کو انگلینڈ اورجرمنی کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کے دوران پیش کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT