Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کو دورہ ٔ بنگلہ دیش کی اجازت

انگلینڈ کو دورہ ٔ بنگلہ دیش کی اجازت

لندن ، 26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باوجود انگلش ٹیم کے اکتوبر میں دورۂ بنگلہ دیش کی تصدیق کر دی ہے۔ ای سی بی نے اس بات کا فیصلہ جمعرات کو اجلاس کے بعد کھلاڑیوں اور حکام کے ساتھ بات چیت اور بنگلہ دیش میں حالیہ سلسلہ وار دھماکوں کے پس منظر میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش میں 7 اکتوبر سے یکم نومبر کے دوران دو ٹسٹ اور تین ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ یہ میچز بنگلہ دیش کے دو شہروں چٹگانگ اور ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ایک کیفے میں شدت پسندوں نے حملہ کر کے 20 یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کی بِنا پر اکتوبر کا اپنا بنگلہ دیش ٹور منسوخ کر دیا۔ ای سی بی ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراؤس نے آج اجلاس کے بعد کہا، ’’کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی سلامتی اور تحفظ ہمیشہ اہمیت کی حامل رہی ہے۔ ہم نے بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال اور حکام کی جانب سے سکیورٹی کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا‘‘۔ انگلش ونڈے کیپٹن اوئن مورگن نے رواں ہفتے کہا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کو زبردستی بنگلہ دیش کا دورہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

 

آئی ایس ایل کا یکم اکتوبر سے انعقاد
ممبئی ، 26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین سوپر لیگ (آئی ایس ایل) فٹبال کا سیزن ۔ 3 یکم اکتوبر تا 18 دسمبر منعقد کیاجائے گا جس کا افتتاحی مقابلہ گوہاٹی میں مقرر ہے اور دو مرحلے والے سیمی فائنلز کے مقامات بعد میں طے کئے جائیں گے۔ لیگ کے پروموٹرز فٹبال اسپورٹز ڈیولپمنٹ لمیٹیڈ نے آج آئی ایس ایل شیڈول کا اعلان کیا ، جس کے تحت 61 مقابلے ہوم گراؤنڈ اور بیرون کے لیگ فارمٹ میں 79 دنوں پر محیط ہوں گے۔ تمام میچز شام میں 7:00بجے شروع ہوا کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT