Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کو پاکستانی بولنگ کے سخت چیلنج کا سامنا :پیٹرسن

انگلینڈ کو پاکستانی بولنگ کے سخت چیلنج کا سامنا :پیٹرسن

لندن۔27مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کیلئے پاکستان کو ہوم سیریز میں مشکل حریف قرار دیتے ہوئے انتباہ دیاکہ پاکستان کی بولنگ بہترین ہے جس کے باعث مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انگلینڈ ٹیم سے باہر ہونے والے بیٹسمین نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم پاکستان کی طرح بڑا چیلنج نہیں ہے۔ کیون پیٹرسن نے رواں سال فروری میں پاکستان سوپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کے ساتھ نمائندگی کی ہے ۔ پاکستان کے انگلینڈ سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو آسانی سے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کی بولنگ شاندار ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سوپر لیگ میں کچھ کھلاڑیوں کا سامنا کر چکے ہیں اور اندازہ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کچھ کھلاڑی بہترین ہیں۔ سری لنکائی ٹیم کی حال ہی میں انگلینڈ کیخلاف ناکامی اور کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے پیش نظر اسے ایک کمزور حریف قرار دیا جا رہا ہے لیکن ٹسٹ کرکٹ میں آٹھ ہزار رنز کا سنگ میل عبورکرنے والے کیون پیٹرسن کو قوی امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے برعکس پاکستان کیخلاف انگلینڈ کا مقابلہ دلچسپ ہوگا لیکن جیت انگلینڈ کی ہی ہوگی۔ انہوں نے انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے سری لنکا کیخلاف ٹسٹ سیریز سے باہر ہونے کو بڑا نقصان قراردیا جبکہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر ریس ٹوپلی بھی کاونٹی میچ کے دوران زخمی ہوکر تین ماہ کیلئے کرکٹ سے باہر ہوگئے اور پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز میں شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی لیکن پیٹرسن کے مطابق دونوں ٹیموں کا مقابلہ سخت ہوگا۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم دورۂ انگلینڈ پر 4 ٹسٹ ‘5 ونڈے اور ایک ٹوئنٹی20 مقابلے کی سیریز کھیلے گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT