Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کو 163 رنز کی سبقت ، راجکوٹ ٹسٹ ڈرا کی سمت گامزن

انگلینڈ کو 163 رنز کی سبقت ، راجکوٹ ٹسٹ ڈرا کی سمت گامزن

ہندوستان پہلی اننگز میں 488 رنز پر آل آؤٹ
کوہلی 65 برسوں میں ہٹ وکٹ ہونے والے پہلے کپتان
دوسری اننگز میں حسیب کے ناقابل تسخیر 62 رنز

راجکوٹ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے راجکوٹ ٹسٹ میں اپنی سبقت 163 رنز کرلی ہے اور اس سے قبل اس نے ہندوستان کو پہلی اننگز میں 488 رنز پر محدود رکھا جبکہ چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز میں 114 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں نوجوان اوپنر حسیب حمید کے ناقابل تسخیر 62 رنز بھی شامل ہیں۔ رواں ٹسٹ میں چار دن کے کھیل کے اختتام پر قوی امکان ہے کہ یہ مقابلہ بغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر ہوگا۔ ہندوستانی اسپنرس روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ اور امیت مشرا کے علاوہ اومیش یادو اور محمد سمیع پر مشتمل فاسٹ بولروں کی جوڑی بھی انگلش اوپنرس کی جوڑی کو نہیں توڑ پائے۔ ہندوستان کے خلاف پہلی اننگز میں 49 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 37 اوورس کا سامنا کیا لیکن اسے کسی بھی نقصان کو برداشت کرنے کی نوبت نہیں آئی۔ راجکوٹ کی وکٹ مسلسل سست ہورہی ہے اور اس وکٹ پر نتیجہ حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔

کک نے 107 گیندوں میں 46 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ اپنے کریر کا پہلا ہی ٹسٹ کھیل رہے حسیب نے 115 گیندوں کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ حسیب کی اننگز پُر اعتماد اور چند دلکش اسٹروکس پر مشتمل تھی۔ ہندوستانی ٹیم نے آج اپنے کل کے اسکور 4/319 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور وقفہ وقفہ سے وکٹوں کے زوال کے باوجود روی چندرن اشون اور وردھیمان ساہا کے درمیان 64 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ نے سبقت کے فرق کو کم کیا۔ اشون نے 139 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 70 رنز اسکور کئے جبکہ ساہا نے 35 رنز بنائے۔ ہندوستان کو ڈرامائی انداز میں کپتان ویراٹ کوہلی کی وکٹ گنوانی پڑی جوکہ ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔کوہلی جنہوں نے 95 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن 65 برسوں میں ہٹ وکٹ ہونے والے پہلے ہندوستانی کپتان بنے۔ رہانے بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہیں ٹھہر پائے اور انہوں نے صرف 13 رنز ہی بنائے۔ انگلینڈ کے لئے عادل رشید نے 4 ، معین علی اور ظفر انصاری نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بترا ایف آئی ایچ کے پہلے ہندوستانی صدر
دوبئی۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر بترا آج انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے پہلے ہندوستانی صدر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جیسا کہ یہاں منعقدہ ایف آئی ایچ کے 45 ویں اجلاس میں انہیں صدر کے عہدہ کیلئے ووٹ ملے۔ ہاکی انڈیا کے صدر بترا نے اس عہدہ کیلئے آئرلینڈ کے ڈیوڈ اور آسٹریلیا کے کین ریڈ کو شکست دی۔ بترا کو 68 جبکہ ڈیوڈ کو 29 اور ریڈ کو 13 ووٹ حاصل ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT