Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کیخلاف آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز، پاکستان کی یاسر شاہ پر نظریں

انگلینڈ کیخلاف آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز، پاکستان کی یاسر شاہ پر نظریں

دبئی ۔21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پہلا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد پر امید ہے کہ دوسرے ٹسٹ میں اپنے خطرناک ہتھیار یاسر شاہ کے ذریعہ انگلش بیٹنگ لائن کو نقصان پہنچائے گا۔ یاسر شاہ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کے انتہائی اہم کھلاڑی ہیں لیکن سیریز کے پہلے ٹسٹ سے ایک دن قبل وہ کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے لیکن انہوں نے پہلا موقع گنوانے کے بعد اب  پوری طاقت سے انگلش کیمپ پر ٹوٹنے کو تیار ہیں۔ یاسر شاہ کو بخوبی اندازہ ہے کہ انگلینڈ کے بیٹسمین لیگ اسپن بولنگ کے خلاف کمزور ہیں اور وہ دوسرے ٹسٹ میں ان کی اس کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹسٹ کل دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان ٹیم میں راحت علی کی جگہ یاسر شاہ کو ملے گی۔ ذوالفقار بابر کی جگہ بلال آصف کو ٹسٹ کریر کے آغاز کا موقع ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان دو فاسٹ بولروں اور دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گا‘ جبکہ شعیب ملک بھی اسپن بولنگ میں ذمے داریاں نبھائیں گے اوپنر شان مسعود کو ایک اور موقع ملے گا۔ دریں اثناء انٹر ویو میں یاسر شاہ نے کہا ہے کہ انھوں نے اس سیریز کے لئے بہت زیادہ محنت کر رکھی ہے لیکن پہلے ٹسٹ میچ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوکر نہ کھیلنے کا انھیں بہت دکھ ہے۔ اگر وہ ابوظہبی ٹسٹ کھیلتے تو یقیناً کامیاب ہوتے کیونکہ وہ وکٹ اگرچہ سست تھی لیکن چونکہ وہ دوسرے اسپنروں کے مقابلے  تیز گیندیں کرتے ہیں لہٰذا انھیں وکٹیں ملتیں۔ یاسر شاہ کو پاکستان کی طرف سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم مقابلوں میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ یاسر  نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے انگلش بیٹسمینوں کی ویڈیوز دیکھتے آرہے ہیں اور ان کی خامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی بولنگ سے ان کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاسر شاہ نے کہا کہ ابوظہبی کے مقابلے میں دبئی کی وکٹ اسپنروں کے لئے زیادہ سازگار ہے اور انھیں یقین ہے کہ جس طرح انھوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ بولنگ کی تھی، اسی کارکردگی کا مظاہرہ وہ انگلینڈ کے خلاف بھی کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT