Monday , March 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کیلئے ایک اور اسپن آزمائش ، تیسرے ٹسٹ کا آج آغاز

انگلینڈ کیلئے ایک اور اسپن آزمائش ، تیسرے ٹسٹ کا آج آغاز

موہالی ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سیریز میں تعطل کو نہایت جامع انداز میں توڑا جاچکا، اور اب میزبان انڈیا کی یہی کوشش رہے گی کہ انگلینڈ کو ایک اور سخت اسپن آزمائش سے گزار کر ٹھوس گرفت حاصل کرلی جائے جب دونوں ٹیمیں تیسرے کرکٹ ٹسٹ میں مدمقابل ہوں گی، جس کی کل یہاں شروعات ہورہی ہے۔ دوسرے ٹسٹ میں اپنی 246 رنز کی جیت کے بعد ویراٹ کوہلی اور اُن کی ٹیم کو مہمانوں کو ہر شعبے میں مات دینے کیلئے درکار اعتماد حاصل ہوچکا ہے، جنھوں نے ابتدائی دونوں میچوں میں اچھی مزاحمت کی۔ تاہم کوہلی جیت والی ترکیب کو ہی میدان پر اُتارنے سے قاصر رہیں گے کیونکہ وردھیمان ساہا فٹنس مسئلے پر اس میچ سے باہر ہوگئے ہیں، جس پر یقینی ہوگیا کہ پارتھیو پٹیل آٹھ سال بعد ٹسٹ میچ کھیل رہے ہوں گے۔ آخری مرتبہ جب پارتھیو نے ٹسٹ کھیلا تھا، موجودہ کوچ انیل کمبلے کپتان تھے جبکہ سچن تنڈولکر ، ویریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن، راہول ڈراویڈ اور سورو گنگولی اُس ٹیم کا کلیدی حصہ تھے۔ ہندوستان اُس وقت نومتعارف کردہ ٹکنالوجی ’’ڈسیشن ریویوو سسٹم‘‘ کے منفی اثر کا شکار ہوا تھا۔

پی سی اے اسٹیڈیم کی وکٹ جو کبھی پیس بولرز کیلئے نہایت سازگار سمجھی جاتی تھی، بعد میں بولروں کیلئے ’قبرستان‘ بن گئی اور مزید تبدیلی کے بعد اسپن کیلئے بہت سازگار ہوگئی، جس پر تمام نظریں مرکوز ہوں گی۔ یہ وکٹ بھلے ہی اسپن کا بہت زیادہ ساتھ نہ دے لیکن 22 گز کی پٹی پر کوئی گھاس نہیں اور میچ جیسے جیسے آگے بڑھے گا، یقینی طور پر وہ اسپنرز کی مدد کرے گی۔ بہرحال مکمل پانچ دن نہ سہی، کم از کم چار روزہ کھیل کی توقع ضرور کی جاسکتی ہے۔ انگلینڈ کے 32 وکٹوں میں سے میزبان اسپنرز نے 24 لئے ہیں، جن میں سے 11 روی چندرن اشوین کے نام پر درج ہوئے ہیں، 6 وکٹیں رویندر جڈیجا اور 4 نئے بولر جینت یادو نیز 3 امیت مشرا نے لئے ہیں۔ جہاں تک انگلینڈ کا معاملہ ہے، اُن کی طرف سے بعض اچھے مظاہرے ہوئے ہیں لیکن کچھ بھی غیرمعمولی نہیں ہوا۔ یوں تو حسیب احمد کو انگلینڈ کیلئے ’’ٹور کی دریافت‘‘ قرار دیا جاسکتا ہے، لیکن مہمانوں کو توقع رہے گی کہ بین اسٹوکس (233 رنز)، جوو روٹ (206) یا کپتان السٹیر کک (207) میں سے کم از کم کوئی ایک ’بڑی سنچری‘ اسکور کریں، جس کی دورہ کنندگان کو بہت ضرورت ہے۔ مجموعی طور پر یہ میچ کک اور اُن کی ٹیم کیلئے ’سخت مزاحمت ‘ ثابت ہوسکتا ہے۔

رونی نے یونائیٹڈ کو 4-0سے جیت دلائی
مانچسٹر، 25نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ریکارڈ کارکردگی کے ساتھ اسٹار فٹبالر وین رونی نے یوروپا لیگ ٹورنمنٹ میں اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو فینورڈ کے خلاف 4-0سے شاندار جیت دلا دی۔ اسی کے ساتھ کلب آخری 32 میں پہنچنے کے بھی قریب آ گیا ہے ۔ اولڈ ٹرافورڈ میں رونی نے ڈچ ٹیم کے خلاف اوپننگ گول کیا جو اُن کا 39 واں گول تھا۔اسی کے ساتھ رونی یونائیٹڈ کیلئے یورپین ٹورنمنٹ کے کامیاب ترین اسکورر بنے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT