Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کی مدد کیلئے ثقلین مشتاق کی مانچسٹر آمد

انگلینڈ کی مدد کیلئے ثقلین مشتاق کی مانچسٹر آمد

لندن ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے سابق آف اسپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے پاک ۔انگلینڈ  دوسرے ٹسٹ میچ سے قبل انگلینڈ کی مدد کیلئے مانچسٹر پہنچ گئے ہیں جہاں وہ انگلش اسپنرز خصوصاً معین علی کو پاکستانی بیٹسمینوں سے نمٹنے کے گر سکھائیں گے۔ لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں 75 رنز سے شکست کے بعد انگلینڈ سیریز میں 1-0  کے خسارے سے دوچار ہے جہاں میچ میں میزبان ٹیم کیلئے سب سے پریشان کن پہلو معین علی کی بولنگ جو دوسری اننگز میں دو وکٹیں لینے کے باوجود بحیثیت مجموعی پاکستانی بیٹسمینوں کو پریشانی سے دوچار کرنے میں ناکام رہے اور یہی وجہ ہے کہ اپنے کرئیر کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ ان کی انگلش ٹیم میں جگہ خطرات سے دوچار ہے۔ 2014 میں کھیل کا آغاز کرنے کے بعد معین علی زخموں کی وجہ سے محض ایک ٹسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے لیکن اس کے علاوہ باقی تمام میچوں میں وہ السٹر کک الیون کا لازمی جزو تھے۔ وہ ایک عرصے سے اسپنر کی حیثیت سے کک کی پہلی ترجیح رہے ہیں لیکن رواں سال گیند سے 92 کی بھاری اوسط اور اسکواڈ میں لیگ اسپنر عادل راشد کی شمولیت سے دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں ان کی جگہ شدید خطرات سے دوچار ہے۔

پاکستانی بیٹسمین اسپنرس کے خلاف اچھی بیٹنگ کیلئے شہرت رکھتے ہیں اور پہلے ٹسٹ میچ میں انہوں نے اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا اور اسی کے مدنظر  انگلینڈ نے ایک ہفتے کیلئے پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں۔ یہ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں ثقلین سے دورہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کیلئے معاہدہ بھی کیا جا سکتا ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل سعید اجمل بھی معین علی کی مدد کر چکے ہیں اور ووسٹرشائر کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نے انگلش اسپنر کو دوسرا کرنے کا طریقہ بھی سکھایا تھا۔ ثقلین ناصرف دونوں انگلش اسپنرز کو اہم مشوروں سے نوازیں گے بلکہ انگلش بیٹسمینوں کو بھی یاسر شاہ سے نمٹنے کیلئے اہم مشورے دیں گے جنہیں پہلے ٹسٹ میں پاکستانی اسپنر کے خلاف شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اولڈ ٹریفورڈ کی وکٹ بارش نہ ہونے کی صورت میں روایتی طور پر اسپنرز کو مدد فراہم کرتی ہے خصوصاً میچ کے چوتھے اور پانچویں دن اس وکٹ پر اسپنرز کو کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کے پیش نظر انگلینڈ دوسرے ٹسٹ میچ میں دو اسپنرز کھلانے کی حکمت عملی پر بھی غور کر رہا ہے لیکن اس بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ وکٹ کی نوعیت کے ساتھ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT