Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف ثقلین پر نظریں

انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف ثقلین پر نظریں

لندن۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورہ انگلینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق سے مختصر مدت کیلئے معاہدہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ برطانوی روزنامہ کے مطابق بورڈ تقریباً ڈھائی ماہ تک جاری رہنے والی اس سیریز کیلئے ثقلین مشتاق کی خدمات کے حصول کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں۔1995 تا 2004 پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے ثقلین مشتاق نے تمام طرز کی کرکٹ میں 496 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ دنیا بھر میں ’دوسرا‘ کے موجد کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ایک عرصے تک انگلش کاؤنٹی سرے کی نمائندگی کرنے والے ثقلین مشتاق انگلش حالات میں کھیلنے کے علاوہ متعدد غیر ملکی ٹیموں کی کوچنگ کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب پابندی کا شکار سعید اجمل کا ایکشن درست کرنے میں بھی کافی مدد کی تھی۔انہوں نے آخری مرتبہ 2004 میں ہندوستان کے خلاف ملتان ٹسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اگر دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو ثقلین انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بحیثیت کوچ کام کرنے والے دوسرے پاکستانی ہوں گے جہاں اس سے قبل مشتاق احمد 2008 تا 2014 انگلینڈ کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔انگلش بورڈ کوشاں ہے کہ پاکستان کے اسپین ہتھیار کو بے اثر کرنے کیلئے اسی کی صفوں سے ماہر اسپنر کی خدمات حاصل کی جائیں۔

TOPPOPULARRECENT