Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ کے خلاف 2-0 کی کامیابی‘ پاکستان کو دوسرا مقام

انگلینڈ کے خلاف 2-0 کی کامیابی‘ پاکستان کو دوسرا مقام

شارجہ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ٹسٹ  میں 127 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0  سے اپنے نام کرلی اور اس کامیابی کے بعد وہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر آگئی ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم میچ کے آخری دن 284 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں 156 رنز ڈھیر  ہوگئی۔ محمد حفیظ کو بہترین کارکردگی پر میچ کا جبکہ یاسر شاہ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے آخری دن  انگلینڈ نے 46 رنز دووکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تو اس وقت انہیں کامیابی کے لئے 238 رنز درکا رتھے۔ لیکن پاکستانی اسپن باولروں نے بہترین  مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا میں ہی انگلینڈ کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ یاسر شاہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں جیو روٹ کو 6 رنز پر آوٹ کیا جبکہ ذوالفقار بابر نے ٹیلر کو دورنز پر پویلین کے راہ دکھائی‘ اگلے ہی اوور میں یاسر نے بیئراسٹو کو صفر اور ذوالفقار بابر نے سمیت پٹیل کو بھی صفر پر آوٹ کرکے میچ پاکستان کے حق میں کردیا۔ کھانے کے وقفے سے قبل ہی عادل راشد 22 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔کھانے کے وقفے پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے کپتان الیسٹرکک کے 50 رنز ناٹ آوٹ کے بدولت 120 رنز بنائے تھے جبکہ دوسرے طرف اسٹورٹ براڈ دس رنز بناکر ان کا ساتھ دے رہے تھے۔

انگلش ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ کھیلنے کے لیے آئی تو اسٹورٹ براڈ 20 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوئے جبکہ کپتان الیسٹر کک 63 رنز بناکر شعیب ملک کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے اور  اس وقت انگلینڈ کا اسکور 150 رنز تھا۔ پہلی اننگز میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے والے بین اسٹوکس دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ کے لئے آئے اور 12 رنز بنا کر یاسر کی گیند پر آوٹ ہوگئے انھیں بھی سرفراز نے اسٹمپ آوٹ کیا جس پر انگلینڈ کی پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار، شعیب ملک نے 3 اور ذوالفقار بابر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ راحت علی کے حصے میں آئی۔ دوسرے ٹسٹ میچ کے ہیرو وہاب ریاض دوسری اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔ میچ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم 355 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی اور انھیں 283 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ نے 151 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق 46، کپتان مصباح الحق 38، سرفراز احمد 36 اور اظہر علی 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 3 اور جیمز اینڈرسن نے دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جبکہ انگلینڈ نے نشانہ کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا معین علی نے 22 رنز بنائے لیکن ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے شعیب ملک نے انھیں آوٹ کرکے انگلینڈ کیلئے مشکالات کا آغاز کیا جبکہ ایان بیل کو صفر پر ملک ہی نے پویلین بھیج دیا وہ کوئی رن نہیں بنا سکے۔ پہلی اننگز میں پاکستان 234 اور انگلینڈ کی ٹیم 306 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ نے 1928 میں آسٹریلیا کے خلاف 332 رنز کا نشانہ حاصل کیا  تھا جو ان کی ٹسٹ کرکٹ میں نشانہ کے حصول میں بہترین کارکردگی ہے جبکہ ایشیا میں ان کی بہترین کارکردگی جب انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف پانچ سال قبل ڈھاکہ میں 209 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT