Friday , March 31 2017
Home / کھیل کی خبریں / انگلینڈ 255 پر آؤٹ، انڈیا کو 298 کی مجموعی سبقت

انگلینڈ 255 پر آؤٹ، انڈیا کو 298 کی مجموعی سبقت

ویزاگ ٹسٹ میں اشوین نے 5 وکٹ لئے ۔ میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 98/3 ، کپتان کوہلی 56 پر ناٹ آؤٹ
وشاکھاپٹنم ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کپتان ویراٹ کوہلی کی عمدہ کارکردگی کی مدد سے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان نے آج اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ یہاں جاری میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں 98/3 بنائے اور 298 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 255 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرمرلی وجے (3) جلد آؤٹ ہوگئے جس کے فوری بعد لوکیش راہول بھی اسٹوارٹ براڈ کا نشانہ بنے جنھوں نے 10 رنز بنائے تھے جبکہ 40 کے ٹیم اسکور پر چتیشور پجارا (1) بھی پویلین لوٹ گئے۔ ویراٹ نے وکٹ سنبھالتے ہی ذمہ دارانہ بلے بازی کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک مزید نقصان سے ٹیم کو بچائے رکھا اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر کوہلی 56 اور اجنکیا رہانے 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے براڈ نے 2 اور جیمز اینڈرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں مہمان ٹیم نے تیسری صبح اپنی پہلی اننگز کا احیاء کیا تو 5 وکٹوں پر 103 رنز بنا کر شدید مشکلات کا شکار تھی۔ بین اسٹوکس اور جانی بیرسٹونے ٹیم کو اس مشکل سے نکالا ضرور، لیکن ہندوستان کے اسکور کو برابر کرنے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے بیرسٹو آؤٹ ہونے والے دن کے پہلے بیٹسمن رہے جنھوں نے 53 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ اسٹوکس نے اسکور 225 رنز تک پہنچایا اور 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس میچ سے قبل روی چندرن اشوین سمیت میزبان اسپنرز پر تنقید کی جارہی تھی۔ تاہم اشوین نے 5 انگلش بیٹسمنوں کو آؤٹ کرکے اپنا ردھم بحال کرلیا۔ اسٹوکس کے آؤٹ ہونے کے بعد عادل رشید نے آؤٹ ہوئے بغیر 32 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن دیگر کھلاڑی اُن کا ساتھ نہیں دے پائے اور پوری ٹیم 255 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ہندوستان کی جانب سے اشوین نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کئے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان کوہلی اور پجارا کی سنچریوں کی مدد سے 455 رنز بنائے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹسٹ راجکوٹ میں ڈرا ہوا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT