Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / انیس الغرباء کی نئی عمارت کا چیف منسٹر کے ہاتھوں سنگ بنیاد

انیس الغرباء کی نئی عمارت کا چیف منسٹر کے ہاتھوں سنگ بنیاد

سات منزلہ عمارت کی اندرون 2 سال تعمیر مکمل کرلینے کا تیقن، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔18جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انیس الغرباء کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔سنگ بنیاد کی اس تقریب میں ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ مختلف اداروں کے صدورنشین و دیگر موجود تھے۔یتیم خانہ انیس الغرباء کی قدیم عمارت سے متصل محکمہ عمارات و شوراع کی اراضی جو یتیم خانہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس پر حکومت نے 7منزلہ عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈو رکن قانون ساز کونسل جناب الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ یتیم خانہ کی تعمیرکے لئے سنگ بنیاد کے ساتھ ہی تعمیراتی کا موں کا آغاز کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انیس الغرباء کی نئی 7منزلہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور اس موقع پر ان کے ہمراہ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ‘ جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ‘ صدر مجلس اسد الدین اویسی ‘ ارکان قانون ساز کونسل جناب محمد فرید الدین ‘ جناب امین الحسن جعفری‘ جناب ایم ایس پربھاکر‘ ارکان اسمبلی جعفر حسین معراج‘ سیداحمد پاشاہ قادری ‘ معظم خان اور دیگر موجود تھے۔ سنگ بنیاد کی اس تقریب میں صدرنشین کھادی اینڈ ویلیج بورڈ جناب زاہد یوسف‘ صدرنشین سٹ ون جناب میر عنایت علی باقری‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اکبر حسین کے علاوہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے قائدین و کارکن موجود تھے۔جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ جملہ 4ہزار 192مربع گز اراضی پر 7منزلہ عمات کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور اس کیلئے حکومت نے 20کروڑ کا تخمینہ لگایا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ دو سال کی مدت میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔جناب الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ انیس الغرباء کی اس عمارت کے جملہ 7منزل میں 5بالائی منزلیں رہائشی و اقامتی مقاصد کیلئے استعمال کی جائیں گی اور دو منزلیں تجارتی اغراض کیلئے استعمال کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس دارالیتامہ میں قیام کرنے والے لڑکوں کو بنیادی تعلیم سے ملازمت کے حصول تک رہائش کی اجازت رہے گی جبکہ لڑکیوں کو داخلہ سے شادی ہونے تک اسی عمارت میں قیام کی اجازت حاصل رہے گی۔انیس الغرباء کی قدیم عمارت کے کچھ حصہ کے سڑک کی توسیع میں جانے کے بعد اب 192مربع گز اراضی باقی رہ گئی تھی جو اس نئی عمارت کی تعمیر میں شامل کرلی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT