Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے پلان کو قطعیت

انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے پلان کو قطعیت

18 جون کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں سنگ بنیاد
حیدرآباد۔/8 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 18 جون کو انیس الغرباء نامپلی کے ہمہ منزلہ کامپلکس کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ انہوں نے 22 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ہمہ منزلہ کامپلکس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے وقف بورڈ کے منصوبہ سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ اس تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھیں تاکہ جلد از جلد کامپلکس کی عمارت کا کام مکمل کرلیا جائے۔ چیف منسٹر نے 18جون کو دعوت افطار میں روانگی سے قبل سنگ بنیاد رکھنے سے اتفاق کرلیا۔ نامپلی میں سنگ بنیاد تقریب میں حصہ لینے کے بعد چیف منسٹر سیدھے دعوت افطار میں شرکت کریں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ محکمہ آر اینڈ بی کو ابتدائی تعمیری کاموں کیلئے وقف بورڈ نے ایک کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کے پلان کو جلد ہی قطعیت دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی 2 فلور کمرشیل سرگرمیوں کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں جس کی آمدنی انیس الغرباء پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء کو ملک کے ایک مثالی یتیم خانہ میں تبدیل کیا جائے گا جہاں بہتر سہولتوں کے علاوہ بہتر تعلیم کا بھی نظم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی معنوں میں مستحق اور یتیم بچوں کے داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ سابق میں انیس الغرباء کی کارکردگی کے سلسلہ میں کئی شکایات ملی ہیں جن کا سدباب کرتے ہوئے ایک معیاری اور بہتر یتیم خانہ تعمیر کیا جائے گا۔ حکومت نے آر اینڈ بی کی 4000 گز اراضی انیس الغرباء کیلئے الاٹ کی ہے۔ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں انیس الغرباء کی بعض ملگیات کو بلدیہ کی جانب سے منہدم کیا گیا ہے جس کے معاوضہ کیلئے بلدیہ کو مکتوب روانہ کیا گیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے بیواؤں اور بیمار غریب افراد کو امداد جاری کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی اداروں کی آمدنی کا منشائے وقف غریبوں کی امداد ہے لہذا وہ بورڈ کی جانب سے بیواؤں کو ماہانہ وظائف جاری کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بیماریوں میں مبتلاء غریب خاندانوں کی امداد کیلئے بھی وقف بورڈ دست تعاون دراز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بورڈ کی آمدنی میں اضافہ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ کئی فلاحی قدم اٹھائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء میں جہاں فی الوقت بچوں کی تعداد کافی کم ہے وہاں دونوں شہروں اور ریاست کے دیگر اضلاع سے یتیم و یسیر بچوں کے داخلے کے انتظامات کئے جائیں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT