Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / انیس الغرباء یتیم خانہ میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ اور مزید اچھے انتظامات کی ہدایت

انیس الغرباء یتیم خانہ میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ اور مزید اچھے انتظامات کی ہدایت

سدھیر کمیشن آف انکوائری کا دورہ انیس الغرباء ، عہدیداروں و طلبہ سے بات چیت
حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مسلمانوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لینے والے سدھیر کمیشن آف انکوائری نے آج شہر میں یتیم خانہ اور تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں میں تعلیمی ترقی کا جائزہ لیا۔صدر نشین کمیشن سابق آئی اے ایس عہدیدار جی سدھیر کے علاوہ کمیشن کے ارکان محمد عبدالباری، ڈاکٹر عامر اللہ خان اور پروفیسر عبدالشعبان نے سب سے پہلے نامپلی میں واقع انیس الغرباء یتیم خانہ کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمیشن کی ٹیم نے انیس الغرباء میں موجود طلباء و طالبات سے ان کی تعلیم اور قیام و طعام کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اس یتیم خانہ میں 80 طلبہ کے قیام کی گنجائش ہے تاہم فی الوقت 56طلبہ ہی مقیم ہیں جن میں 16 لڑکیاں ہیں۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ مختلف انگلش میڈیم مدارس میں انہیں تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ کمیشن نے طلبہ کی تعداد میں اضافہ اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ کمیشن کا احساس تھا کہ غذا کی فراہمی اور یتیم خانہ میں صحت و صفائی کے انتظامات پر مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ کمیشن کے ارکان نے چند برس قبل کا ریکارڈ طلب کیا جس پر عملہ ریکارڈ فراہم کرنے سے قاصر رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ  ادارہ میں عوام کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات اور ان کے خرچ کا واضح طور پر ریکارڈ نہیں ہے۔ کمیشن نے آغا پورہ میں واقع ہیلت سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے بچوں کی پیدائش اور اموات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے حاملہ خواتین کیلئے انتظامات اور پیدائش کے ساتھ ہی نو زائیدہ بچوں کی اموات کی شرح کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ کمیشن نے ملے پلی میں واقع ایم ایس کریٹیو اسکول کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی معیار کا جائزہ لیا۔ کمیشن کے صدر نشین اور ارکان نے اسکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں اس اسکول کے طلبہ کو داخلہ حاصل ہونے پر خوشنودی کا اظہار کیا۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ ہر سال میڈیسن اور انجینئرنگ میں بڑی تعداد میں اس ادارہ کے طلباء میرٹ میں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔ کمیشن نے جہاں نما میں واقع یونائٹیڈ پبلک اسکول کا دورہ کیا جہاں غریب بچوں کو انگریزی میڈیم میں تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ معیاری تعلیم کی برقراری کے علاوہ طلباء کو اردو اور دینیات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ کمیشن نے غریب اقلیتی طلباء میں تعلیم کے حصول کے جذبہ کی ستائش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن آف انکوائری آئندہ دنوں میں مزید اداروں کا معائنہ کرے گا۔ اس کے علاوہ بعض سلم علاقوں کا بھی دورہ کیا جائے گا تاکہ مسلمانوں کی حالات زندگی کا برسرموقع جائزہ لیا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT