Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ان بچوں کو دولت نہیں شفقت چاہئے

ان بچوں کو دولت نہیں شفقت چاہئے

ماں باپ سے محروم محمد غوث ، نسیم بیگم اور نیہا ہمدردان ملت کے منتظر
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( نمائندہ خصوصی ) : ماں باپ بچوں کے لیے قدرت کی ایسی نعمت ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا یہ اپنی اولاد کے لیے محبت کے ختم نہ ہونے والے دریا کے مانند ہوتے ہیں ۔ ماں باپ اپنی اولاد کی کسی تکلیف کو برداشت نہیں کرتے ۔ اولاد کو زخم لگتا ہے تو درد والدین کو ہوتا ہے وہ اپنے بچوں کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں اور کامیابیوں پر بھی ایسے خوش ہوجاتے ہیں جیسے ان کے نور نظر اور لخت جگر نے دنیا کا بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہو ماں باپ اولاد کی ہر چھوٹی بڑی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں ۔ ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے لاکھ مصیبتوں کو بھی ہنستے ہوئے سہہ لیتے ہیں یہ تو رہی ان بچوں کی بات جن کے سروں پر ماں باپ کا سایہ موجود ہے جو محبت و شفقت کے ان سایہ دار درختوں کی چھاؤں میں زندگی کی خوشیاں بٹورتے ہیں لیکن جن کے ماں باپ نہ ہوں ان کے بارے میں سوچ کر ہی ہمارا وجود لرز جاتا ہے ۔ دل دہل جاتا ہے اور جب ایسے بچے غربت کے دلدل میں بھی پھنسے ہوں تو صورتحال اور بھی سنگین ہوجاتی ہے ۔ قارئین ایسے ہی یتیم و یسیر بچوں میں ضلع محبوب نگر کے تعلقہ دیورکھدرا ( یہ علاقہ حیدرآباد سے تقریبا 120 کیلو میٹر فاصلے پر واقع ہے ) کے رہنے والی 13 سالہ غوثیہ بیگم ، 12 سالہ محمد غوث اور 7 سالہ نیہا بیگم شامل ہیں ۔ جن کے والد محمد قدیر کا 9 فروری کو انتقال ہوگیا جب کہ ان بچوں کی ماں 4 سال قبل ہی انتقال کر گئی ہیں ۔ ان تین بچوں میں سے ایک لڑکی ذہنی طور پر معذور ہے جب کہ ایک لڑکی گورنمنٹ پرائمری اسکول اردو میڈیم دیور کھدرہ میں پڑھ رہی ہے ۔ فی الوقت یہ بچے اپنی غریب پھوپی کی کفالت میں ہیں جن کے شوہر فالج سے متاثر ہیں ۔ ایک تلگو اخبار میں ان یتیم و یسیر بچوں کی درد ناک کہانی پڑھ کر تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگم کے بانی و صدر جناب ایم اے رؤف خان نے دیوکھدرہ پہنچ کر ان بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور انہوں نے ان بچوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جس کے مطابق ان بچوں کے والد محمد قدیر سیکل پر پھر پھر کر پرانا سامان اکٹھا کرتے تھے لیکن قلب پر حملے کے باعث وہ اس دنیا سے کوچ کر گئے ۔ بہر حال تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگم کے صدر عبدالروف خان چاہتے ہیں کہ ہمدردان ملت ان بچوں کی مدد کریں اور ان کی تعلیم و تربیت کا انتظام کریں ۔ جناب محمد عبدالرؤف خان سے فون نمبر 9347111696 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT