Tuesday , October 24 2017
Home / دنیا / اوباما اور اولاند کی وائیٹ ہاؤس میں عنقریب ملاقات

اوباما اور اولاند کی وائیٹ ہاؤس میں عنقریب ملاقات

واشنگٹن ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما جو دولت اسلامیہ گروپ کے خلاف لڑائی میں اتحادی فوجوں کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے موصوف اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانکوئی اولاند کے ساتھ دولت اسلامیہ سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے موضوع پر تبادلہ خیال کریںگے جبکہ امریکہ نے فرانس سے یہ وعدہ بھی کیا ہیکہ پیرس میں ہوئے دہشت گرد حملوں کی تحقیقات کیلئے امریکہ فرانس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ وائیٹ ہاؤس کی جانب سے دونوں قائدین کی ملاقات سے قبل ایک اہم بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق اوباما اور اولاند فرانس کی جانب سے دہشت گرد حملہ کی تحقیقات کیلئے امریکہ کے تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے کیونکہ دولت اسلامیہ سے نمٹنے 65 رکنی انسداد آئی ایس آئی ایل اتحاد کیلئے بھی امریکی تعاون کی اشد ضرورت پیش آئے گی۔ وائیٹ ہاؤس کے اوول آفس میں منعقد شدنی اجلاس میں امریکی نائب صدر جوبیڈن اور دیگر شرکت کریں گے۔ اجلاس کے بعد دونوں قائدین (اوباما اور اولاند) ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 10 بجے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

اس موقع پر وائیٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے بھی اپنی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اجلاس کے بارے میں فی الحال کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے اور انہیں اس بات پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے کہ دولت اسلامیہ سے نمٹنے کیلئے اتحاد اور یگانگت کا اظہار کیا جائے کیونکہ یہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس وقت فرانسیسی عوام غمزدہ ہیں اور رنج و الم کے اس موقع پر وہ ایک ایسے ملک کی جانب مدد کیلئے دیکھ رہے ہیں جسے دنیا کا طاقتور ترین ملک کہا جاتا ہے۔ جوش ارنیسٹ کا اشارہ امریکہ کی طرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی عوام خود اپنے ہی ملک میں اب زائد سیکوریٹی کے خواہاں ہیں تاہم انہیں یہ بھی پتہ ہے کہ دولت اسلامیہ سے لڑائی اب ان کا مقدر بن چکی ہے۔ لہٰذا امریکہ کی قیادت میں دولت اسلامیہ سے نمٹنے اگر ایک اتحاد تشکیل دیا جارہا ہے تو فرانسیسی عوام کے لئے یہ ایک اطمینان بخش بات ہوگی۔ گذشتہ ہفتہ ہی فرانس نے بھی اتحاد کیلئے اپنی خدمات کا ببانگ دہل اعلان کیا تھا اور ہم نے یہ بھی دیکھا کہ فرانسیسی فوجی پائلٹس شام میں زائد فضائی حملوں کیلئے بھی تیار ہیں اور انہوں نے گذشتہ ہفتہ ایسا کیا بھی! فرانس اگر کمربستہ ہوگیا ہے تو وائیٹ ہاؤس اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ لہٰذا اب اوباما اور اولاند کی ملاقات اہمیت کی حامل قرار دی جارہی ہے اور توقع ہیکہ دولت اسلامیہ کو شکست فاش دینے کیلئے دونوں قائدین کسی مشترکہ حکمت عملی کو وضع کریں گے۔ دریں اثناء پنٹگان میں امریکی وزیردفاع ایشٹن کارٹر اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں۔ 13 نومبر کو ہوئے پیرس حملوں کے بعد یہ ان کی پہلی ملاقات ہوگی۔ دونوں ممالک نے باہمی طور پر اپنے انٹلیجنس کے شعبوں میں تعاون کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT