Tuesday , October 24 2017
Home / Top Stories / اوباما کا انسداد ہتھیارقانون سازی پر زور

اوباما کا انسداد ہتھیارقانون سازی پر زور

نیویارک ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر بارک اوباما نے کہا کہ اورلینڈو میں قتل عام کے واقعے کے بعد بھی اگر ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کے لئے قانون سازی نہ ہو سکی تو مستقبل میں ایسے مزید واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ اورلینڈو کے نائٹ کلب کے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان سے تعزیت کے لیے جمعرات کو صدر اوباما اورلینڈو پہنچے ہیں۔ صدر اوباما نے کانگریس پر زور دیا کہ وہ ہتھیاروں کی روک تھام کے حوالے سے قانون سازی کریں۔ امریکی کانگریس میں رپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی سیاست کے گٹھ جوڑ نے دہشت گرد اور دماغی طور پر بیمار افراد کے لیے جدید ہتھیاروں کی خریداری کو قانونی طور پر آسان بنا دیا ہے۔ صدر اوباما نے کہا کہ وہ سینٹ سے درخواست کریں گے کہ دہشت گردوں کے ساتھ مبینہ تعلق رکھنے والے افراد کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کے حق میں ووٹ دیں۔ صدر اوباما اورلینڈو کے ایم وے سینٹر میں متاثرہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کی جبکہ سینٹر کے باہر سینکڑوں افراد موجود ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر کے اس دورے کا مقصد متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کو صبح نائٹ کلب میں ہوئے حملے میں 49 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اورلینڈو کے نائٹ کلب میں حملہ کرنے والے شخص کی شناخت عمر متین کے نام سے ہوئی ہے اور اشتعال انگیز بیانات دینے کی وجہ سے اْن کا نام دس ماہ تک ایف بی آئی کی دہشت گردوں کی واچ لیسٹ میں شامل رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT