Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اورنگ زیب ، ٹیپو سلطان کے بعد اب محمد اظہر الدین

اورنگ زیب ، ٹیپو سلطان کے بعد اب محمد اظہر الدین

حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : شہرت یافتہ مسلم شخصیتیں بی جے پی اور ہندوتوا تنظیموں کو کھٹکنے لگی ہیں ۔ اورنگ زیب ، ٹیپو سلطان کے بعد مشہور کرکٹر اظہر الدین پر نفرت کا اظہار کرتے ہوئے حیدرآباد کی تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی میں ان پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ کو اے بی وی پی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے رکوادیا ہے ۔ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے بعد بی جے پی اور ہندوتوا تنظیمیں ایک منظم سازش کے تحت ملک کے لیے گرانقدر خدمات انجام دینے والی مسلم شخصیتوں کے امیج کو داغدار بناتے ہوئے نہ صرف انہیں رسوا کررہی ہیں بلکہ تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے نوجوان نسل کے ذہنوں میں ان مسلم شخصیتوں کے لیے نفرت پیدا کررہی ہیں ۔ دہلی میں اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کردیا گیا ۔ کرناٹک حکومت کی جانب سے شیر میسور ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقریب سرکاری طور پر منانے پر واویلا مچایا گیا ۔ حیدرآبادی کرکٹر محمد اظہر الدین جن کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کئے ہیں اب ان کی شخصیت بھی بی جے پی اور اس کی حلیف ہندوتوا طاقتوں کو کھٹکنے لگی ہے ۔ یہ بات سچ ہے کہ میچ فکسنگ کے بعد بی سی سی آئی نے محمد اظہر الدین پر تاحیات کرکٹ کھیلنے پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ لیکن یہ بات بھی حقیقت ہے کہ ہائی کورٹ نے محمد اظہر الدین پر عائد میچ فکسنگ کے تمام الزامات کو برخاست کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دیا ہے ۔ اظہر الدین کی حیات پر ایک ہندی فلم تیار ہورہی ہے جس میں عمران ہاشمی ، اظہر الدین کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ محمد اظہر الدین نے نظام کالج اور عثمانیہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے ۔ فلم یونٹ نے عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ہریش کمار سے منظوری حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی کے آرٹس کالج کی پہلی منزل پر عدالتی سین اور کیپٹن کی شوٹنگ پوری کی جس میں عمران ہاشمی نے حصہ لیا ۔ دوسری منزل پر جب شوٹنگ کی تیاریاں جاری تھیں ، اے بی وی پی کے طلبہ بھاری تعداد میں پہونچ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ یونیورسٹی ہے یا اسٹوڈیو ؟ ۔ اے بی وی پی کے احتجاج کے بعد فلم یونٹ نے شوٹنگ روک دی اور عمران ہاشمی کو بھاری پولیس بندوبست کے ساتھ روانہ کردیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT