Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اوقافی جائیدادوں کی سی بی آئی تحقیقات

اوقافی جائیدادوں کی سی بی آئی تحقیقات

اقلیتی کمیشن کی ہائی کورٹ میں درخواست پر پیر کو سماعت
حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اوقافی جائیدادوں کی تباہی سے متعلق معاملات کی سی بی آئی جانچ کی درخواست پر توقع ہے کہ پیر کو ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ جسٹس پراوین کمار کے اجلاس پر اس مقدمہ کی سماعت ہوگی۔ صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں نے یہ درخواست پیش کی تھی جسے سماعت کیلئے قبول کرلیا گیا ہے اور 9 فریقین کو نوٹسیں جاری کی گئیں جن میں دونوں ریاستوں کے وقف بورڈز اور سی بی آئی شامل ہیں۔ مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ اوقافی اُمور کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے تیار ہے بشرطیکہ دونوں ریاستیں اس کیلئے آمادگی ظاہر کریں اور اپنا مکتوب حوالہ کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس نے معاملات کی جانچ سے اتفاق کیا لیکن عہدیدار اس کی مخالفت کررہے ہیں حتیٰ کہ بعض گوشوں کی جانب سے عدالت میں سماعت روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے شخصی طور پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے اس مقدمہ کو پیر کی سماعت میں شامل کرایا ہے۔ اس مقدمہ کی سماعت 6جون کو مقرر تھی لیکن لمحہ آخر میں مقدمات کی فہرست سے خارج کردیا گیا۔ ریاستی اقلیتی کمیشن نے 20مختلف اوقافی جائیدادوں کی تباہی سے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کی ہیں اور کہا ہے کہ وہ مزید 40 تا 50معاملات کی تفصیلات معہ ثبوت پیش کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ عابد رسول خاں کی جانب سے مقدمہ دائر کئے جانے کے بعد سے دونوں ریاستوں کے عہدیدار اور وقف مافیا سے متعلق افراد میں کھلبلی پائی جاتی ہے اور وہ کسی طرح مقدمہ کی سماعت کو ٹالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT