Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اولمپکس میں میڈل، خوابوں کی تعبیر ہوگی : ثانیہ مرزا

اولمپکس میں میڈل، خوابوں کی تعبیر ہوگی : ثانیہ مرزا

ممبئی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شاندار فام میں موجود ہندوستان کی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے کہاکہ آئندہ برس منعقد شدنی ریوو اولمپکس میں میڈل کا حصول ان کے خوابوں کی تعبیر ہوگی ۔ ثانیہ مرزا نے کہاکہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی لینڈر پیس مکسڈ ڈبلز میں اگر میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر یہ ان کے کیرئیر کی ایک شاندار کامیابی ہوگی ۔ ثانیہ مرزا نے اس امید کا اظہار یہاں ایک اشتہاری ایونٹ میں شرکت کے دوران کیا ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ٹینس کھلاڑی نے ایک سوال جس میں ڈیوس کپ کے سابق اسٹار کھلاڑی رمیش کرشنن نے حالیہ بیان دیا تھا کہ سینئر کھلاڑی پیس کے ساتھ ثانیہ مرزا کو اولمپک میڈل حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے ، پر کہا کہ جیسے کہ دوسرے لوگ بھی میڈل کی اُمید کررہے ہیں اور ہم بھی میڈل حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور اُمید ہے کہ ایک مرتبہ اور اولمپک میں شرکت کرتے ہوئے یہ کامیابی حاصل ہوگی ۔ رمیش کرشنن نے کہا ہے کہ ریوو اولمپکس میں مکسڈ ڈبلز زمرے میں ہندوستان کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ میڈل حاصل کرے کیونکہ پیس اور ثانیہ دونوں ہی بہترین فام میں ہے اور ان کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ ہندوستان کیلئے اولمپک میڈل حاصل کرے ۔ علاوہ ازیں ثانیہ مرزا نے سنگاپور میں منعقدہ سیزن کے آخری ٹورنمنٹ ڈبلیو ٹی اے ورلڈ ٹور فائنلس میں ان کے مظاہروں پر سابق عالمی نمبر ایک مارٹینا نوراتلووا کی ستائش پر بھی خوشی کا اظہار کیا ۔
افریقی خواتین ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی
ڈھاکا۔3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں انتہا پسندوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سے خراب ہوتے حالات کے باعث دورہ ملتوی کردیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڑ (بی سی بی) نے تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے مہمان ٹیم کے ڈھاکہ پہنچنے سے محض ایک دن پہلے دورہ ملتوی ہونے کا اعلان کیا۔ خبر رساں ایجنسی کو بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ناظم الدین چوہدری نے مطلع کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے کرکٹ حکام نے انھیں مطلع کیا ہے کہ خواتین کرکٹ ٹیم ڈھاکہ نہیں آسکتی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ دورہ ملتوی کرنے کی وجہ انتظامی مسائل بتائے ہیں، ہمیں امید ہے کہ مسائل جلد ہی حل ہوں گے اور وہ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔ اس حوالے سے جنوبی افریقہ کرکٹ کے چیف یا حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT