Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / اولمپک ونر ساکشی پر رقمی انعامات کی بارش!

اولمپک ونر ساکشی پر رقمی انعامات کی بارش!

حکومت ہریانہ، ریلوے، اولمپک اسوسی ایشن نے ریسلر کو کروڑپتی بنادیا
نئی دہلی ، 18 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 3.5 کروڑ روپئے تک کے رقمی انعامات، ترغیبات بجاطور پر خاتون ریسلر ساکشی ملک کے منتظر ہیں جنھوں نے ریو اولمپکس میں انڈیا کیلئے تاریخی برونز میڈل جیت لیا ہے۔ اولمپکس کی شروعات سے قبل ساکشی کی ریاستی حکومت ہریانہ نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ کیلئے 6 کروڑ روپئے، سلور کیلئے 4 کروڑ روپئے اور برونز ونرز کیلئے 2.5 کروڑ روپئے کا اعلان کیا تھا۔ چنڈی گڑھ میں سرکاری ترجمان نے کہا کہ ساکشی کو اولمپک برونز میڈل جیتنے پر 2.50 کروڑ روپئے کا رقمی انعام دیا جائے گا۔ ساکشی 20 لاکھ روپئے کی بھی مستحق ہوگئی ہیں جو اسپورٹس منسٹری کی اسپیشل ایوارڈز اسکیم کے تحت اولمپک برونز میڈلسٹ کیلئے مختص ہیں۔ وزارت ریلوے جو ساکشی کے آجرین ہیں، انھیں 60 لاکھ روپئے دے گی۔ اس نے ترتیب وار گولڈ، سلور اور برونز میڈل ونرز کیلئے 1 کروڑ، 75 لاکھ اور 50 لاکھ روپئے اور اس کے علاوہ اولمپکس میں کوالیفائی ہونے والوں کیلئے 10 لاکھ روپئے کے پُرکشش کیاش ایوارڈز کا اعلان کیا تھا۔ ریلوے ساکشی کیلئے شاندار تہنیتی تقریب کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ ریسلنگ کاجتھہ ہندوستان کو 23 اگسٹ کو واپس ہوگا اور اس کے بعد کسی مناسب تاریخ کو تہنیتی تقریب منعقد کی جائے گی۔ پہلی مرتبہ انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے بھی اعلان کردیا کہ وہ گولڈ میڈل ونر کیلئے 50 لاکھ، سلور ونر کیلئے 30 لاکھ اور برونز میڈلسٹ کیلئے 20 لاکھ روپئے کا انعام دے گی۔ علاوہ ازیں آئی او اے نے کہا تھا کہ کوچس کو اتھلیٹس کو حاصل ہونے والی رقم کا 50 فیصد عطا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان جو ریو گیمز میں ہندوستانی جتھہ کے خیرسگالی سفیر بھی ہیں، انھوں نے بھی اولمپکس میں حصہ لینے والے تمام اتھلیٹس کیلئے فی کس 1,01,000 روپئے کا چیک پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT