Saturday , August 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اولیاء کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کی تلقین

اولیاء کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کی تلقین

یلاریڈی میں جلسہ، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری اور دیگر علماء کا خطاب
یلاریڈی۔7 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی کی سرزمین پر ہفتہ کی شب جشن میلاد النبیؐ و جلسہ فیضان الویاء کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جلسہ کا آغاز جناب مسلم الدین انصاری کی قرأت کلام پاک سے کیا گیا۔ جناب محمد اکرم علی نے بارگاہ الٰہی میں حمد پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ خطبہ استقبالیہ جناب محمد افضل حسین صدر قاضی یلاریڈی نے پڑھا۔ مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری، نے خطاب کرتے ہوئے اولیاء اللہ کی عظمتوں پر مکمل روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ تمام ولیوں کے سردار ہیں، جنہیں اللہ رب العزت نے بے شمار نعمتوں سے نوازا۔ غریب نوازؒ نے بھی اپنی عقیدت میں بڑی شان و عفت والے کلمات بیان کئے ہیں جس سے ہمیں غوث پاکؒ کے درجات کا پتہ چلتا ہے۔ اولیاء اللہ سے دشمنی پر اللہ اعلان جنگ کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ یہ ہرگز برداشت نہیں کرتا کہ اس کے محبوب بندوں سے کوئی دشمنی کرے۔ زہد و تقوی نے ہی نیک بندوں کو بلند درجات عطاء کئے۔ اللہ کے نزدیک سب سے بڑھ کر عظمت والے وہ ہیں جو تقوی والے ہیں۔ ولی اللہ کبھی کرامات کے لئے اعمال نہیں کرتے، ان کا مقصد تو صرف اللہ کا قرب حاصل کرنا ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ ان کی شان بڑھانے تعظیم بڑھانے کے لئے کرامات عطا کرتا ہے تاکہ اللہ کے محبوب بندوں کو دنیا دیکھ سکے۔ اللہ والوں سے محبت کرنے سے خاتمہ بالخیر ہوتا ہے۔ ان کے آستانوں پر آتے جاتے رہو تاکہ ایمان محفوظ رکھنے میں آسانی ہو۔ اللہ کے ولیوں سے ہمیں فائدہ ہے۔ ولیوں کی زندگی کے حالات سننے سے محبت میں اضافہ ہوگا اور ایمان قوی ہوگا۔ اولیاء اللہ کی مکمل زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل کی دورِ حاضر میں شدت سے ضرورت ہے تاکہ عالم بھر میں امن و امان یقینی ہوسکے۔ اولیاء کے قرب سے دل کو سکون میسر ہوتا ہے۔ اللہ سے راست دعا کرنا بھی درست ہے اور اولیاء اللہ کے وسیلہ سے طلب کرنا بھی صحیح ہے۔ مولانا احسان اقبال قادری رضوی، سری لنکا نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرشتے و انبیائے اکرام کبھی کوئی گناہ نہیں کرتے۔ مولانا نے آج کے مسلم نوجوانوں کو قرآن کی صحیح تعلیم سے آراستہ ہونے کو کہا۔ سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ و سلم کا علم آج بھی ویسے ہی ہے جیسے ان کے حیات مبارکہ میں تھا اور قیامت تک ویسے ہی رہے گا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے والدین کی تعظیم کرو ورنہ کامیاب نہ ہوگے۔ والدین کی فرمانبرداری ہر مسلمان پر فرض ہے ورنہ عبادتوں کے برباد ہونے کا خطرہ ہوگا۔ بزرگوں سے گھر میں ہونے سے ہی روزی میں برکت ہوا کرتی ہے۔ ان کی دعائوں سے ہی کمائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ مقامی نعت خواں جناب غلام شبیر علی ساگری، جناب محمد اکرم علی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و سلم میں نعت پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جناب شاغل امام شاذ عرقی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر حضرت شاہ محمد خلیل حسین شطاری القادری، سجادہ نشین و متولی خانقاہ ہاشمی اناساگر، جوگی پیٹ، شیخ غیاث الدین صدر کمیٹی موجود تھے۔ جلسہ رات دیر گئے سلام و دعا کے بعد اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر نظام  آباد، بودھن، بانسواڑہ، میدک، کاما ریڈی، لنگم پیٹ، ناگی ریڈی پیٹ، پٹلم، نارائن کھیڑ کے کثرت سے مسلمانوں نے شرکت کی۔ آخر میں اہلسنت والجماعت مسلم نوجوانوں نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT