Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اوورسیز اسکالرشپ اسکیم ، درخواستوں کا جائزہ

اوورسیز اسکالرشپ اسکیم ، درخواستوں کا جائزہ

مستحق امیدواروں کی فہرست آج تیار کرلی جائیگی: ڈائریکٹر اقلیتی بہبود
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی اوورسیز اسکالر شپ اسکیم برائے اقلیتی طلبہ کیلئے اہل اور مستحق امیدواروں کے انتخاب کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ کل 18ستمبر تک مستحق امیدواروں کی فہرست تیار کرلی جائے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کی نگرانی میں ماہرین کی کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکومت نے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے 25کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے۔ اگرچہ یہ بجٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو امید ہے کہ اہل امیدواروں کے انتخاب کے بعد حکومت بجٹ جاری کردے گی۔ اس اسکیم کیلئے جملہ 513 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں پہلے مرحلہ میں 280 درخواستوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اب ان درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کے احکامات کے مطابق تمام درکار دستاویزات اور اہلیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ اس جائزہ میں 200 طلبہ اسکیم کیلئے مستحق قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ حکومت کی ہدایت پر عہدیداروں نے شرائط پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم جے اکبر نے بتایا کہ کوئی بھی مستحق طالب علم اسکیم کے فوائد سے محروم نہیں رہے گا اور حکومت زیادہ سے زیادہ اقلیتی طلبہ کو اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ماہرین کی جانب سے درخواستوں کی جانچ کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل حکومت سے فہرست کی منظوری حاصل کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں 5لاکھ روپئے اور ایک طرف کا فضائی کرایہ طلبہ کو منظور کیا جائے گا۔ یہ منظوری طلبہ کے بیرونی ممالک کی نامور یونیورسٹیز میں داخلے کی تکمیل کے بعد عمل میں آئے گی اور رقم طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT