Saturday , May 27 2017
Home / Top Stories / اوٹنور میں فرقہ وارانہ فساد ‘ مسلمانوں کی املاک کو نقصان

اوٹنور میں فرقہ وارانہ فساد ‘ مسلمانوں کی املاک کو نقصان

واٹس اپ پرجوابی پیام کے بعد ہندو واہنی ‘ وی ایچ پی و دیگر تنظیموں کا تشدد ۔ دونوں فرقوں کے چند افراد زخمی

اوٹنور۔ 7۔ مئی(سیاست نیوز) ضلع عادل آباد کے مستقر اوٹنور میں سوشل میڈیا واٹس اپ گروپ میں ایک پیام کے تیزی سے پھیل جانے کے بعد دونوں فرقوں میں زبردست تشدد کا ماحول برپا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اوٹنور منڈل میں واٹس اپ پر مسلمانوں کے خلاف بدکلامی کا ایک پیام گشت کر رہا تھا ۔ اس پر ایک نوجوان نے جوابی آڈیو ریکارڈ بھیجا اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا ۔ اس کے فوری بعد ہندو واہنی و وی ایچ پی و دیگر ہندو مذہبی تنظیموں قائدین و کارکنوں نے کل نصف شب کے وقت منصوبہ بند طریقہ سے مسلمانوں کی تقریبا 16دُکانات کے تالے توڑے اور زبردست نقصان پہنچایا ۔ اطلاع ملتے ہی ضلع کے اقلیتی قائدین نے ریاستی اقلیتی قائدین کو اوٹنور واقعہ کی تفصیلات بتائی۔ مسلم قائدین نے فوری طور پر آئی جی حیدر آباد سے فون پر بات کرتے ہوئے اوٹنور کے حالات بتائے جس پر انھوں نے تیقن دیا کہ وہ ڈی آئی جی ، کمشنر اور ایس پی کو ہدایت دینگے کہ فوری حالات پر قابو پایا جائے۔ لیکن پولیس کی تاخیر کی وجہ سے مسلمانوں کا کافی نقصان ہوا۔ رات اُسی وقت سے پولیس نے 144سکشن بھی نافذ کردیا  اسکے باوجود بھی دوسرے دن صبح قدیم بس اسٹانڈ کے قریب جہاں پولیس اسٹیشن بھی قریب میں ہے دونوں فرقوں میں زبردست جھڑپ ہوئی ‘پتھرائو کیا گیا۔ پھر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں فرقوں کے نوجوانوں کو قابو میں لانے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ اس جھڑپ میں دونوں فرقوں کے کچھ افراد کے علاوہ ضلع ایس پی سرینواس کے ہاتھ پر چوٹ لگی، ڈی ایس پی لکشمی نارائنا کے پیر پر چوٹ لگی زخمی ہوئے۔ پولیس نے ظہر کی نماز بھی مسلمانوں کو اپنے گھروں میں ادا کرنے کو کہا ۔مستقر اوٹنور کی تمام مساجد پر پولیس کے جوانوں کو متعین کیا گیا۔ ایک اطلاع کے بموجب کل رات کے واقعہ کے بعد ہندو واہنی و وی یچ پی تنظیم کے کارکنان میں اطراف و اکناف کے علاقوں سے آئے ہوئے افراد کی تعداد زیادہ تھی اسی وجہ سے حالات بے قابو رہے۔ ڈی آئی جی کریم نگر رینج روی کمار، ضلع کلکٹر بدھا پرکاش، ایس پی ایم سرینواس،نے پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ واٹس اپ میں شرانگیز آڈیو اپ لوڈ کرنے والے شخص، فارورڈ کرنے والے شخص پر  ،پتھرائو اور مسلمانوں کی دُکانات کو نقصان پہنچانے والے اشخاص کے علاوہ پولیس کو زخمی کرنے والے اشخاص پر کیس درج کیا گیا۔ وائرل آڈیو مسیج واٹس اپ گروپ میں بھیجنے والا محمد حکیم مفرور بتایا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی روی کمار اوٹنور میں حالات پر قابو پانے پڑائو ڈالے ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں فرقوں کے سرکردہ افراد کو طلب کرتے ہوئے حالات کو قابو پانے اقدامات کئے جائینگے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT