Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اوپل اسٹیڈیم میں کل آئی پی ایل میچ

اوپل اسٹیڈیم میں کل آئی پی ایل میچ

سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات ، کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ نظر
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچس کے سلسلے میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں تقریباً 2000 پولیس عملہ تعینات کیا جارہا ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور شائقین کا تحفظ ہمارے لئے اہم ہے۔انہوں نے بتایا کہ 400 خانگی سکیورٹی عملے کی بھی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اس مرتبہ آکٹوپس کمانڈوز کے دو یونٹس بھی تعینات کئے جائیں گے۔ اُپل کرکٹ اسٹیڈیم میں جملہ 7میچس کھیلے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں پہلا میچ 16 اپریل کو ہوگا۔ اسی طرح 18، 23، 26 اور 30 اپریل کے علاوہ6 اور 12 مئی کو میچس منعقد ہوں گے۔ اسٹیڈیم میں تقریباً 100 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا ہے۔ یہاں سے اسٹیڈیم کے ہر گوشے پر نظر رکھی جاسکے گی۔ پارکنگ مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ خواتین کے تحفظ اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات کی روک تھام کیلئے ’’شی ٹیم‘‘ کے علاوہ سادہ لباس میں پولیس عہدیدار موجود رہیں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئک ریسپانس ٹیم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ شائقین کو پانی کی بوتلیں، کھانے کی اشیاء، کیمرہ اور بیاگس ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT