Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / اوپنرس کا ریکارڈ مظاہرہ، آسٹریلیا نے ونڈے سیریز 4-1 سے جیت لی

اوپنرس کا ریکارڈ مظاہرہ، آسٹریلیا نے ونڈے سیریز 4-1 سے جیت لی

اڈیلیڈ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے اوپنرس کی شاندار بیٹنگ اور پھر میچل اسٹارک کی بہترین بولنگ کی بدولت پاکستان کو سیریز کے پانچویں اور اخری ونڈے میں 57 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی۔ پاکستانی ٹیم جو کہ 370 رنز کے ہمالیائی اسکور کا تعاقب کررہی تھی وہ 49.1 اوورس میں 312 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ، حالانکہ پہلی وکٹ کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل حان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے لئے 130 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھا۔ شرجیل نے 69 گیندوں میں 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 79 رنز اور بابر اعظم 109 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز بنائے۔ عمر اکمل لوور آرڈر میں 46 رنز اسکور کئے۔ شعیب ملک ریٹائرڈ ہرٹ کے بعد دوبارہ بیٹنگ کے لئے نہیں آئے۔ شرجیل اور اعظم نے ایک پارٹنرشپ تو نبھائی لیکن وہ بہتر رن ریٹ کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور ہر وقت رن ریٹ نہ صرف بڑھ رہا تھا بلکہ کامیابی دور ہو رہی تھی۔ اسٹارک نے 42 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔  قبل ازیں آسٹریلیا نے پاکستان کو کامیابی کے لئے370 رنز کا ہدف دے دیا۔ میزبان اوپنرز نے نے پاکستانی بولروں کے خلاف بے رحمانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے سنچریاں اسکور کیں۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے 284 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بھی نبھائی ۔ اس سے قبل جوروٹ اور ایلکس ہیلز نے پاکستان کے خلاف 248 رنز بنائے تھے۔ ڈیوڈ وارنر کے 179 رنز ایڈیلیڈ اوول میں کسی بھی بیٹسمین کا بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلے برائن لارا نے پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں 156 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ وارنر 179 جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 128 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 369 رنز بنائے۔ مہمانوں کی فیلڈنگ کا معیار آخری ونڈے میں بھی بہترنہ ہو سکا۔ سڈنی کے بعد ایڈیلیڈ میں بھی  فیلڈرز نے ڈراپ کیچز کا سلسلہ برقرار رکھا۔ کوچ مکی آرتھر ایک مرتبہ پھر سر پکڑے دکھائی دیے۔ پانچویں اور آخری میچ کی پہلی ہی گیند پر کپتان اظہر علی نے ڈیوڈ وارنر کا کیچ چھوڑا۔

TOPPOPULARRECENT