Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے شاہ سلمان کی ترکی آمد

او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے شاہ سلمان کی ترکی آمد

صدر رجب طیب اردغان نے خیرمقدم کیا ، غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات
انقرہ ۔ 11 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام)سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آج ترکی پہونچے جہاں انقرہ کے ایسن بوگا ایرپورٹ پر صدر رجب طیب اردغان نے خیرمقدم کیا، وہ ترکی میں منعقد ہورہی 13و یں تنظیم اسلامی کانفرنس(او آئی سی ) کے چوٹی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ شاہ سلمان کی آمد سے ایک ہفتہ قبل دونوں ممالک کے مابین سرگرمیاں کافی بڑھ گئیں تھیں اور اس دورہ کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں۔ انھوں نے طیارہ سے اُترنے کیلئے اسکلیٹر کا استعمال کیا ۔ یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی باہمی تعاون کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ظاہر کی ہے ۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے وزراء شریک ہوں گے جو انقرہ میں منعقد ہورہا ہے ۔ اس اجلاس کے بعد سعودی وفد استنبول میں او آئی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے روانہ ہوگا ۔ شاہ سلمان اپنا مصر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج ترکی پہونچے جہاں وہ او آئی سی چوٹی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں ۔ مصر بھی وزیر خارجہ کی سطح پر اس اجلاس میں شرکت کرے گا ۔ شام میں جاری بدامنی کے تعلق سے سعودی عرب اور ترکی کا یکساں موقف ہے اور دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ موجودہ صدر بشارالاسد کو اس عہدہ سے ہٹایا جائے۔ سعودی عرب نے آئی ایس کے خلاف بین الاقوامی مہم میں سرگرم رول ادا کرتے ہوئے اپنے چار جنگی طیارے حالیہ عرصہ کے دوران ترکی کے فضائی اڈے پر تعینات کئے تھے۔ شاہ سلمان کے اس دورے کے موقع پر سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیںاور انقرہ میں جے ڈبلیو میریٹ کے 450 مربع میٹر کنگ سوٹ کا بلٹ پروف گلاس سے احاطہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس خصوصی کمرے کی دیواروں کو بم حملوں سے محفوظ بنایا گیا ہے ۔ شاہ سلمان کا پانچ روزہ دورہ ترکی آج شروع ہوا اور جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل تین دن کیلئے سعودی فرمانروا کیلئے بک کردی گئی ہے ۔ سعودی عرب کے تقریباً 300 عہدیداروں پر مشتمل ٹیم پہلے ہی یہاں پہونچ چکی تھی تاکہ انتظامات میں تعاون کرسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل میں ان تمام انتظامات کیلئے تقریباً 10 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے ۔ اس کے علاوہ شاہ سلمان کے شخصی استعمال کی اشیاء اور دیگر سامان کو کارگو طیاروں کے ذریعہ انقرہ منتقل کیا گیا ۔ شاہ سلمان کی انقرہ اور استنبول میں ملاقاتوں کیلئے تقریباً پانچسو لکژری کار کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ترکی کے دیگرصوبوں بشمول انطالیہ اور عدنا سے گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT