Thursday , August 17 2017
Home / ہندوستان / آئی ایس آئی بھولے لڑکوں کو ورغلانے میں ملوث: کشمیر ڈی جی پی

آئی ایس آئی بھولے لڑکوں کو ورغلانے میں ملوث: کشمیر ڈی جی پی

جموں 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ ایس پی وید نے آج کہاکہ پاکستان آئی ایس آئی بھولے بھالے کم عمر لڑکوں کو اُکسانے اور اشتعال دلانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ وہ وادیٔ کشمیر میں اپنے گھروں سے نکل کر فائرنگ والے مقامات پر پہونچ جائیں۔ وید نے پی ایم او سے وابستہ مملکتی وزیر جیتندر سنگھ سے گزشتہ روز نئی دہلی میں ملاقات کی اور کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کا پس منظر منگل کو پیش آیا تشدد ہے جس کے نتیجہ میں 3 افراد کی موت ہوئی اور دیگر کئی زخمی ہوگئے اور سکیورٹی پرسونل کو بھی زخم آئے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کے حوالے سے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی انٹر سرویسس انٹلی جنس (آئی ایس آئی) بھولے بھالے لڑکوں کو ورغلاکر تشدد پر آمادہ کررہی ہے۔ ایسے پیامات ریکارڈ میں آئے ہیں جن سے اشارہ ملتا ہے کہ جیسے ہی کوئی انکاؤنٹر شروع ہوتا ہے پاکستان کی طرف سے پروپگنڈہ فوری شروع کردیا جاتا ہے۔ جیتندر سنگھ نے کہاکہ نظم و نسق اور سیول سوسائٹی دونوں کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کے نوجوانوں کو حقیقت حال سے سمجھائیں۔ اس دوران سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب ڈی جی پی وید نے آج میڈیا والوں کو بتایا کہ جو نوجوان وادی میں انکاؤنٹر کے مقامات پر سکیورٹی والوں پر پتھراؤ کررہے ہیں، وہ اُن کی خودکشی کے مترادف ہے۔ اُنھوں نے نوجوانوں سے ایسی سرگرمی سے دور رہنے کی اپیل کی۔

TOPPOPULARRECENT