Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / آئی سی سی کا پاکستان میں ’ورلڈ الیون‘ بھیجنے کا فیصلہ

آئی سی سی کا پاکستان میں ’ورلڈ الیون‘ بھیجنے کا فیصلہ

لاہور۔7مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں سال ستمبر میں ’ورلڈ الیون‘ کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ الیون لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 4 ٹوئنٹی20  میچز کی سیریز کھیلے گی۔میچز کے ذریعہ آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی کا مزید اندازہ لگائے گی جبکہ میچز کے بہترین انعقاد پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ الیون کی غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم دبئی میں 17 ستمبر کو تشکیل دی جائے گی، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز 22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اسی طرح کے انتظامات کئے جائیں گے جیسے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لئے کئے گئے تھے۔اس حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں کہ ورلڈ الیون میں کون کون کھلاڑی شامل ہوں گے۔ پاکستان سوپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ ’پی ایس ایل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھول دیئے ہیں اور آئی سی سی کی ورلڈ الیون ستمبر میں پاکستان میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔دوسری جانب انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر اور آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی اس حوالے سے مدد کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد کبھی نہیں جیت سکتے اور پاکستان پر کرکٹ کے دروازے ہرگز بند نہیں کئے جاسکتے، جبکہ پاکستان اب ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ واضح رہے کہ پاکستان سوپر لیگ کے لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں بھی 8 غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، جن میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی، انگلینڈ کے کرس جارڈن، بنگلہ دیش کے انعام الحق اور زمبابوے کے سین ارون سمیت دیگر کھلاڑی شامل تھے۔پاکستان سوپر لیگ 2 کے لاہور میں فائنل مقابلے کے انعقاد سے قبل ہونے والے چند دھماکوں کے بعد اس مقابلے پر غیریقینی صورتحال کے بادل چھانے لگے تھے لیکن پی سی بی نے اس اُمید کے تحت کہ فائنل کے لاہور میں انعقاد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے اقدامات ہوسکتے ہیں ، تمام رکاوٹوں کے باوجود فائنل کو اپنے ملک میں یقینی بنایا ۔

TOPPOPULARRECENT