Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آج تاریخی بی بی کا علم جلوس، مختلف محکمہ جات کے مؤثر انتظامات

آج تاریخی بی بی کا علم جلوس، مختلف محکمہ جات کے مؤثر انتظامات

حیدرآباد۔ 11اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں آج تاریخی بی بی کا علم کا جلوس نکالا جائے گا۔ حسب درآمد روایت قدیم بی بی کے الاوہ سے شروع ہونے والے اس جلوس کے ہمراہ ماتمی گروہان شہدائے کربلا کو خراج پیش کریں گے۔ 12اکٹوبر 10محرم الحرام کو 11 بجے دن سجے سجائے ہاتھی ’رجنی‘ پر الاوہ بی بی دبیرپورہ سے برآمد ہوکر براہ کمان شیخ فیض، اعتبار چوک، چارمینار، گلزار حوض، منڈی میر عالم، پرانی حویلی، دارالشفاء، کالی قبر سے ہوتا ہوا قبل از مغرب عاشور خانہ بیت الحزن نزد مسجد الٰہی چادرگھاٹ پہنچے گا جہاں بی بی کے علم کو ٹھنڈا کیا جائے گا۔ اس تاریخی جلوس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ماہ محرم کے آغاز سے ہی شہر میں سوگوران شہدائے کربلا ماتم کناں ہیں اور حیدرآباد کے تمام عاشور خانوں میں علم کی ایستادگی عمل میں لاتے ہوئے مجالس عزاء کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ 9محرم کی شب شہر کے تمام عاشور خانوں میں مجالس عزاء بپا ہوئیں اور مختلف انجمنوں و ماتمی گروہاں نے خصوصی مجالس شب عاشور کا بصد عقیدت اہتمام کیا۔ الاوہ سرطوق‘ بادشاہی عاشور خانہ‘ حسینی علم‘ عاشورخانہ نعل مبارک‘ بارگاہ حضرت ابوالفضل عباسؓ دیوان دیوڑھی‘ بی بی کا الاوہ دبیر پورہ کے علاوہ الاوہ یتیماں ‘ بیت القائم ‘ بارگاہ سکینہ و دیگر مقامات پر مجالس شب عاشور کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ بی بی کے علم کی گذرگاہوں کے قریب خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یوم عاشورہ کے موقع پر شہر میں تاریخی بی بی کے علم کے جلوس کے علاوہ خصوصی مجالس عزاء منعقد کی جائیں گی جن سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سرکردہ علماء اکرام مخاطب کریں گے اور مصائب کربلا بیان فرمائیں گے۔ 10محرم الحرام کی شب خصوصی مجلس شام غریباں کا کھیت بالسٹی میں انعقاد عمل میں آئے گا ۔ نور خان بازار‘ دارالشفاء ‘ پرانی حویلی‘ چھتہ بازار ‘ منڈی میر عالم اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں رات بھر شب عاشور کا ماتم جاری رہا۔ بی بی کے علم کے جلوس کی گذر گاہوں پر مختلف مقامات پر محکمہ ٔ پولیس‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ محکمہ ٔ آبرسانی کی جانب سے نذر پیش کی جائے گی۔مکرم جاہ ایجوکیشنل اینڈ لرننگ ٹرسٹ کی جانب سے پرانی حویلی میں بی بی کے علم کو ڈھٹی پیش کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT